دہلی میں الیکٹرک گاڑی خریدنے پر ملے گی سبسڈی، اگلے سال ہوگا نئی پالیسی کا اعلان
36
M.U.H
22/12/2025
قومی راجدھانی میں گزشتہ کئی ماہ سے جاری زہریلی فضائی آلودگی کے لئے ہر طرف سے تنقید کا سامنا کرنے والی دہلی حکومت اگلے مالی سال سے نئی الیکٹرک وہیکل (ای وی) پالیسی نافذ کرنے کی تیاری میں ہے۔ اس پالیسی کا مقصد صرف الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ کرنا نہیں ہے بلکہ آلودگی کے سبب ہوا کو صاف کرنا ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا پالیسی سے متعلق اہم باتیں شیئر کی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : دہلی کی سڑکوں پر 15 اگست سے نہیں دوڑیں گے سی این جی آٹو، نئی ای وی پالیسی میں سخت پابندیاں تجویز
دہلی ای وی پالیسی 2.0 میں 3 اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ ان میں ای وی خریدنے پر سبسڈی، اسکریپج اسکیم اور چارجنگ انفراسٹرکچر جیسے مسائل شامل ہیں۔ دہلی حکومت پیٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کی قیمتوں میں فرق کو کم کرنے کے لیے سبسڈی دینے کا منصوبہ بنارہی ہے۔ حکومت کے مطابق ای وی کی زیادہ قیمت اب لوگوں کے لیے مشکل نہیں بنے گی۔ ای وی پالیسی میں گاڑی اسکریپج اسکیم بھی شامل ہے۔ اس کے تحت پرانی اورزیادہ آلودگی پھیلانے والی پٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کو ہٹا دیا جائے گا۔ اگر کوئی شخص اپنی پرانی گاڑی اسکریپ کرتا ہے اور نئی ای وی خریدتا ہے تو اسے مالی فوائد حاصل ہوں گے۔
دہلی ای وی پالیسی کا مقصد بیٹری ری سائیکلنگ بھی ہے۔ الیکٹرک گاڑیوں کی بات کی جائے تو ان بیٹریوں کی عمر 8 سال ہوتی ہے اور پرانی لیتھیم آئن بیٹریوں کو ٹھکانے لگانا چیلنج بھرا ہوتا ہے۔ ایسے حالات میں مسودہ میں ایک منظم بیٹری ری سائیکلنگ چین تیار کرنے کی تجویز ہے۔ اس نظام کو پہلی بار دہلی میں نافذ کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ حکومت نے سال2030 تک 5 ہزار پبلک چارجنگ اسٹیشن قائم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس میں ہر اسٹیشن پر 4 سے 5 چارجنگ پوائنٹس ہوں گے۔ ان چارجنگ اسٹیشن پر مارکیٹ کمپلیکس، ملٹی لیول پارکنگ، سرکاری عمارتیں اور دفاتر قائم کئے جائیں گے۔