راہل گاندھی نے منریگا کے حق میں عوام سے متحد ہونے کی اپیل کی
10
M.U.H
22/01/2026
نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے جمعرات کو ’مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ‘ (منریگا) کی جگہ متعارف کرائے گئے ’وکست بھارت-جی رام جی ایکٹ‘ کے معاملے پر بھارتیہ جنتا پارٹی اور مرکزی حکومت پر شدید حملہ کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے اس اقدام کے خلاف متحد ہو کر کھڑے ہوں۔
انہوں نے کانگریس کے شعبے ’رچناتمک کانگریس‘ کے زیرِ اہتمام منعقد پروگرام ’منریگا بچاؤ مورچہ‘ میں یہ الزام بھی لگایا کہ بی جے پی ایک ایسا ہندوستان چاہتی ہے جہاں ایک ہی راجا تمام فیصلے کرے۔ راہل گاندھی نے کہا،منریگا کا تصور غریبوں کو روزگار دینے کے حق کے قانون کے طور پر کیا گیا تھا… اس میں عوام اور مزدوروں کی آواز شامل تھی۔
اس اسکیم نے ہر غریب شخص کو 100 دن کے روزگار کی ضمانت دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اب وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی اس اسکیم کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ سابق کانگریس صدر نے منسوخ کیے جا چکے زرعی قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کسانوں نے دباؤ بنا کر ان قوانین کو واپس کروایا تھا اور انہوں نے مزدوروں کو راستہ دکھایا ہے۔
راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ یہ لوگ (بی جے پی) جدید ہندوستان کے ڈھانچے کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا، مجھے معلوم ہے کہ یہ (بی جے پی) بزدل لوگ ہیں۔ اگر ہم سب ایک ساتھ کھڑے ہو گئے تو آپ طے کریں گے کہ اسکیم کا نام کیا ہوگا اور یہ کیسے چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف غریبوں کو متحد ہو کر کھڑا ہونا ہوگا۔