امید ہے کہ امریکہ ایران کے بارے میں دانشمندی کا مظاہرہ کرے گا: روس
8
M.U.H
05/02/2026
تہران: اقوام متحدہ میں روس کے مستقل مندوب ویسلی نیبنزیا نے کہا ہے کہ ماسکو کو امید ہے کہ امریکہ ایران کے حوالے سے عقل سے کام لے گا۔
روسی خبر رساں ایجنسی TASS کا حوالہ دیتے ہوئے ارنا نے بتایا کہ ، ویسلی نیبنزیا نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایران کے حوالے سے فوجی نوعیت کے فیصلے ناقابل قبول ہیں اور اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔
۔28جنوری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف اپنی دھمکیوں کا اعادہ اور خطے کے پانیوں میں طیارہ بردار بحری جہاز ابراہم لنکن کی موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ ایک بہت بڑا جہاز ایران کی طرف بڑھ رہا ہے۔
بعد ازاں اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر اور مستقل نمائندے "امیر سعید ایروانی" نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کے نام ایک خط میں امریکی صدر کی دھمکیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ "تہران ایسے اشتعال انگیز، غیر ذمہ دارانہ، نفرت انگیز اور عالمی قوانین و ضابطوں کے منافی بیانات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
یہ بات ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اور امریکہ جمعے کو عمان کے دارالحکومت مسقط میں جوہری مسئلے پر بات چیت کرنے والے ہیں۔
ایران نے منگل کو اعلان کیا کہ وہ مذاکرات کا مقام استنبول سے عمان منتقل کرنا چاہتا ہے اور مذاکرات کو دو طرفہ بات چیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے تاکہ وہ صرف جوہری مسائل پر توجہ مرکوز رہے۔