وزیراعظم نریندر مودی کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے گفتگو، عید اور نوروز کی مبارکباد
7
M.U.H
21/03/2026
نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور انہیں عید اور نوروز کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم نے سوشل میڈیا کے ذریعے اس گفتگو کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ مبارک موقع مشرقِ وسطیٰ میں امن، استحکام اور خوشحالی لے کر آئے گا۔ نریندر مودی نے گفتگو کے دوران خطے میں اہم انفراسٹرکچر پر ہونے والے حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ اس طرح کے حملے نہ صرف علاقائی استحکام بلکہ عالمی سپلائی چین کے لیے بھی خطرہ ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سمندری راستے محفوظ اور کھلے رہنے چاہئیں تاکہ عالمی تجارت متاثر نہ ہو۔ گفتگو کے دوران بھارت نے ایران کا شکریہ ادا کیا کہ وہاں مقیم بھارتی شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس سے قبل 12 مارچ کو بھی بات کی تھی، جس میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش ظاہر کی گئی تھی۔
سفارت کاری پر بھارت کا زور
بھارت اس وقت ’’مذاکرات اور سفارت کاری‘‘ کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے کشیدگی کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ وزیراعظم مودی حالیہ دنوں میں مشرق وسطیٰ کے کئی رہنماؤں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے ایمانوئل میکرون، انور ابراہیم سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی بات چیت کی اور امن کے قیام پر زور دیا۔ اسی طرح کویت کے ولی عہد، عمان کے سلطان اور قطر کے امیر سے بھی رابطہ کر کے عید کی پیشگی مبارکباد دی گئی۔