آصفی مسجد میں نماز عید کالی پٹیاں باندھ کر ادا کی گئی
7
M.U.H
21/03/2026
لکھنؤ ۲۱ مارچ: لکھنؤ کی تاریخی آصفی مسجد میں نماز عید الفطر مولانا سرتاج حیدر زیدی کی اقتدا میں ادا کی گئی ،اس موقع پر امام جمعہ مولانا کلب جواد نقوی بھی موجود رہے ۔ نماز عید میں مجلس علمائے ہند کی اپیل پر رہبر انقلاب اسلامی شہید آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی شھادت کی یاد میں نمازیوں نے کالی پٹی باندھ کر نماز پڑھی ۔ نمازی بڑی تعداد میں کالی پٹیاں بازوؤں پر باندھ کر مسجد پہنچے ۔ساتھ ہی مجلس علمائے ہند نے کالی پٹیاں نمازیوں کے درمیان تقسیم کیں ۔ نماز عید میں مولانا کلب جواد نقوی نے ایران کی فتح اور امریکہ اور اسرائیل کی شکست کے لئے دعا کروائی ،ساتھ ہی ہندوستان میں امن اور بھائی چارے کے لئے بھی دعا ہوئی ۔ نماز کے بعد نمازیوں نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف احتجاج بھی کیا ۔
نماز کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا کلب جواد نقوی نے کہا کہ ہم نے کالی پٹیاں باندھ کر نماز ادا کی ہے کیونکہ ہم اپنے لیڈر کی شھادت کے سوگ میں ہیں ۔ایران میں امریکہ اور اسرائیل نے معصوم بچیوں کو قتل کیا ہے لہذا عید بہت سادگی سے منائی گئی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ مایوسی اس لئے ہے کہ دنیا ناانصافی کا ساتھ دے رہی ہے ۔ایران پر مذاکرات کے دوران حملہ کیا گیا مگر دنیا نے مذمت نہیں کی ۔حتی کہ ہمارا ملک بھی خاموش رہا ۔ مولانا نے کہا کہ اقوام متحدہ ایک بدبودار لاش کی طرح ہے جس کے ہونے کا کوئی فائدہ نہیں ۔ اس ادارے کو فنڈ نہیں دینا چاہیے کیونکہ قیام امن کے لئے اقوام متحدہ نے کوئی اقدام نہیں کیا ۔ اس سے بہتر ہے کہ اس سرمائے کو افریقہ کے غریبوں میں تقسیم کردیا جائے ۔ مولانا نے کہا کہ آیت اللہ العظمی خامنہ ای دنیا کے مظلوموں کی آواز تھے ۔انھوں نے ہمیشہ ظلم کے خلاف آواز اٹھائی اس لئے دہشت گرد طاقتوں نے انھیں شہید کردیا ۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ یہ جنگ ہار چکا ہے اور کامیابی ایران کا مقدر ہے ۔