عراقچی: ایران پر جنگ مسلط کی گئی ہے، ہم نے ابنائے ہرمز دشمنوں کے لئے بند کیا ہے
20
M.U.H
21/03/2026
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے جاپان کی کیوڈو نیوز ایجنسی کے ساتھ گفتگو میں کہا ہے کہ ہم نے آبنائے ہرمز کو بند نہیں کیا ہے۔
ہماری نظر میں یہ اہم خلیج اب بھی کھلی ہوئی ہے، صرف دشمنوں کے لئے، ان ملکوں کے جہازوں کے لئے بند ہے جو ہم پر حملہ کررہے ہیں۔
وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا کہ دشمنوں کے علاوہ سبھی کے جہاز آبنائے ہرمز سے گزر سکتے ہیں۔ ہم انہیں یہاں سے حفاظت کے ساتھ نکالنے کے لئے تیار ہیں۔ اس کے لئے بس اتنا کافی ہے کہ وہ ہم سے رابطہ کریں تاکہ یہاں سے گزرنے کے طریقے کے بارے میں گفتگو کی جائے۔
انھوں نے کہا کہ ایران پر جنگ مسلط کی گئی ہے اور ہم جو کچھ کررہے ہیں وہ صرف دفاع ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ جنگ پوری طرح اور ہمیشہ کےلئے بند ہو،اس بات کی ضمانت دی جائے کہ دوبارہ اس کی تکرار نہیں ہوگی اور ایران کو پہنچنے والے نقصانات کا تاوان ادا کیا جائے۔
انھوں نے کہا کہ ہم جنگ مکمل طور پر بند کرانے کے لئے اٹھائے جانے والے ہر اقدام کا خیر مقدم کریں گے اور اس سلسلے میں تجاویز سننے اور ان کا جائزہ لینے کے لئے تیار ہیں لیکن حال حاضر میں اگرچہ بعض ممالک راہ حل نکالنے کی کوشش کررہے ہیں، ہم جنگ بندی نہیں چاہتے۔ ہم جنگ کا مکمل اور پائیدارخاتمہ چاہتے ہیں۔ ہمارے لئے صرف جنگ کا مکمل خاتمہ قابل قبول ہے۔