فلسطین کے مستقبل کا تعین فلسطینیوں کا حق ہے: ایرانی سفیر
6
M.U.H
16/05/2026
نیویارک: اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر اور مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے فلسطینیوں کو حق خود ارادیت دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
جمعہ کو یوم نکبہ کی اٹھہترویں برسی کے موقع پر ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر نے کہا کہ یہ دن فلسطینیوں کی وسیع پیمانے پر بے دخلی کی یاد دہانی کراتا ہے۔
ایرانی سفیر نے یہ بات زور دے کر کہی کہ کئی عشروں سے جاری تشدد، جنگی جرائم اور قبضے کے اثرات کے باوجود فلسطینی عوام نے اپنی شناخت، وقار اور امنگوں کو محفوظ رکھا ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے کہا کہ فلسطینیوں کی جدوجہد فوری اور ٹھوس عالمی اقدامات کی متقاضی ہے۔
انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ فلسطینیوں کے حق کی حمایت صرف اظہار ہمدردی تک محدود نہیں ہونی چاہیے۔
ایرانی مندوب نے مسئلہ فلسطین کی بنیادی وجوہات کا جائزہ لیے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے مستقبل کا تعین فلسطینیوں کا حق ہے اور عالمی براداری کی ذمہ داری ہے کہ وہ فلسطینیوں کو حق خوداردیت دلانے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات عمل میں لائے۔