لبنان کے مختلف علاقوں پر اسرائیل کے فضائی و ڈرون حملے
56
M.U.H
03/06/2026
لبنانی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ جنوبی لبنان کے شہر صور کے علاقے الحوش پر غاصب اسرائیلی رژیم کے فضائی حملے میں 6 شہری شہید ہو گئے ہیں۔ چند لمحے قبل ہی لبنان میں الجزیرہ انگلش کے نمائندے نے اطلاع دی تھی کہ صور میں اسرائیلی فضائی حملے میں 6 افراد مارے گئے ہیں کہ جو کسان تھے جس کے بعد 2 مختلف مقامات پر واقع 2 "امدادی مراکز" پر بھی حملے کئے گئے جس سے کم از کم 1 امدادی کارکن بھی مارا گیا ہے۔
المیادین نے بھی اطلاع دی ہے کہ ایک اسرائیلی ڈرون طیارے نے بیروت کے جنوب میں واقع ایک ساحلی سڑک پر خلدہ نامی علاقے میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی ڈرون نے دیر الزہرانی - حبوش روڈ پر لبنانی فوج کی ایک گاڑی کو بھی گائیڈڈ میزائل کے ساتھ نشانہ بنایا جس سے اس میں سوار متعدد افراد زخمی ہو گئے نیز نبطیہ شہر کے مرج حاروف نامی علاقے کو بھی ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
علاوہ ازیں اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے صور کے علاقے صدیقین، نبطیہ کے علاقے کفر تبنیت اور جنوبی لبنان کے علاقے عدشیت پر بھی بمباری کی۔