یپر لیک کے مجرم کسی صورت نہیں بچیں گے، وزیر اعظم مودی کا ویڈیو پیغام، سخت کارروائی کا اعلان
4
M.U.H
24/07/2026
نئی دہلی : دہلی میں مبینہ پیپر لیک معاملے پر کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کی جانب سے جاری پرتشدد مظاہروں کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی نے خود سامنے آ کر عوام سے خطاب کیا ہے۔ جمعرات کی دیر رات وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پیپر لیک کے ذمہ دار افراد کو کسی بھی قیمت پر بخشا نہیں جائے گا اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔اپنے پیغام میں وزیر اعظم مودی نے کہا کہ پیپر لیک کوئی معمولی مسئلہ نہیں بلکہ لاکھوں طلبہ اور ان کے والدین کے مستقبل سے جڑا نہایت حساس معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی ماہ کے دوران حکومت نے اس معاملے میں مسلسل کارروائیاں کی ہیں، متعدد ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور وہ اس وقت جیل میں ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کی سب سے بڑی ترجیح یہ تھی کہ طلبہ کا ایک تعلیمی سال ضائع نہ ہونے پائے، اسی لیے کم سے کم وقت میں دوبارہ امتحانات کا انعقاد کرایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے اپنی پوری صلاحیت استعمال کرتے ہوئے تقریباً 22 لاکھ طلبہ کے امتحانات کا کامیاب انعقاد کیا، جس کے نتائج بھی حال ہی میں جاری کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب طلبہ کی خوشی کی خبریں سامنے آ رہی ہیں، لیکن حکومت صرف اتنے پر مطمئن ہونے والی نہیں ہے۔وزیر اعظم مودی نے اعلان کیا کہ انہوں نے پیپر لیک سے متعلق مقدمات کی تیز رفتار سماعت کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔ ان کے مطابق متعلقہ محکموں نے رات بھر کام کرکے اس سے متعلق ایک مسودہ بھی تیار کر لیا ہے، جس میں سخت سزاؤں کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس مسودے پر جمعہ کو مرکزی کابینہ کے اجلاس میں غور کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ کابینہ میں ساتھی وزراء کی تجاویز کے بعد مسودے کو حتمی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے دوسرے ہفتے کے آغاز کے ساتھ ہی حکومت پیپر لیک سے متعلق مجوزہ قانون کو جلد از جلد منظور کرانے کی کوشش کرے گی تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔وزیر اعظم مودی نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ حکومت نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی اور امتحانی نظام کو شفاف اور قابل اعتماد بنانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے امن و امان برقرار رکھنے اور قانون پر اعتماد رکھنے کی اپیل بھی کی۔