اسرائیل کسی بھی قسم کی جنگبندی کی پابندی نہیں کرتا: سپیکر لبنانی پارلیمنٹ
10
M.U.H
06/09/2026
لبنانی پارلیمنٹ کے سپیکر نبیہ بیری نے کہا کہ اسرائیل، کسی بھی قسم کی جنگ بندی کا پابند نہیں۔ وہ تمام قواعد، معاہدوں اور مفاہمتوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ جنوبی لبنان میں صیہونی رژیم کے جرائم اور خطے میں تباہ کن جنگ کا تسلسل اس حقیقت کو ثابت کرتا ہے۔ انہوں نے لبنان کے مختلف علاقوں میں صیہونی جرائم اور شہریوں کے مکانات کی تباہی کا ذکر کیا۔ اس بارے میں انہوں نے کہا کہ نوعیت اور حجم کے اعتبار سے یہ جرائم، ریاستی دہشت گردی کی حد تک پہنچتے ہیں، جو سخت قابلِ مذمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی رژیم، سیاسی و عسکری سطحوں پر پوری کوشش کر رہی ہے کہ جنوبی لبنان کے عوام اور ان کی جائیداد کو انتخابی مقابلے میں خونی رائے دہی کے مراکز میں تبدیل کر دے۔
نبیہ بیری نے کہا کہ اسرائیل میں اس بات پر جھگڑا ہے کہ کون زیادہ قتل کرتا ہے اور کون زیادہ تباہی مچاتا ہے۔ جنوب کے واقعات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ وہاں جنگ روکنے کے لئے فوری مداخلت کی جائے۔ لبنانی پارلیمنٹ کے سپیکر نے کہا کہ ہماری حکومت، اسرائیلی جارحیت میں برابر کی شریک ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ جنوب کا مسئلہ، قومی مسئلہ ہے جو تمام فریقوں کو پابند کرتا ہے کہ وہ جنوب کے ساتھ کھڑے ہوں۔ اس مسئلے کو ساری لبنانی عوام کا مسئلہ سمجھیں اور اس کا دفاع، لبنان کا دفاع تصور کریں۔