ٹرمپ انتظامیہ نے ایرانی صدر اور وزیر خارجہ کو امریکا کا ویزا دیدیا
3
M.U.H
18/09/2026
ٹرمپ انتظامیہ نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور وزیر خارجہ سید محمد عباس عراقچی سمیت دیگر ایرانی حکام کا امریکا کا ویزا جاری کر دیا۔ امریکی ٹی وی نے یہ بات امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کے حوالے سے بتائی کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور وزیر خارجہ عباس عراقچی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک جانا چاہتے ہیں۔ امریکی ٹی وی کے مطابق ایران کے اہم وفد اور ضروری اسٹاف کا ویزا منظور کیا گیا ہے، تاہم وفد میں شامل حکام کی تعداد پچھلے سال کے مقابلے میں کم ہے۔
محکمہ خارجہ کے اہلکار نے بیان میں کہا کہ میزبان ملک کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھائی گئی ہیں، ایرانی حکام اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطح کے ہفتے میں شرکت کرسکیں گے، تاہم یہ دورہ سفری پابندیوں کے تحت ہوگا اور ان پر بعض پابندیاں عائد ہونگی۔ دوسری جانب امریکا نے فلسطینی صدر محمود عباس کو جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے ویزا دینے سے انکار کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ 81 ویں جنرل اسمبلی کا اجلاس جمعہ سے نیویارک میں شروع ہو رہا ہے اور یہ 28 ستمبر تک جاری رہے گا۔