سعودی عرب نے یمن سے ثالثی کے لئے ایران سے درخواست کرردی: رہنما انصار الله
3
M.U.H
18/09/2026
یمن کی مقاومتی تحریک انصار الله کی پولیٹیکل کونسل کے رکن عبدالله النعمی نے کہا کہ ایسی رپورٹس شائع ہوئیں کہ یمن کے ساتھ ثالثی کے لئے سعودی عرب نے اسلامی جمہوریہ ایران سے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار المیادین سے گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جب تک سعودی عرب ہمارا محاصرہ ختم نہیں کرتا اس وقت تک یمنی عوام جنگ بندی نہیں کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس وقت "عمان"، سعودی عرب اور یمن کے درمیان ثالثی کر رہا ہے۔ مزید گفتگو میں عبدالله النعمی نے بریگیڈیئر "یحییٰ سریع" کی جانب سے "صنعاء" میں سعودی عرب کے داعش نماء منصوبے کی ناکامی کے بارے میں بتایا۔
اس حوالے سے انہوں نے كہا كہ بریگیڈیئر یحییٰ سریع نے آج صنعاء میں ایک سعودی منصوبے کی ناکامی کی خبر دی۔ انہوں نے کہا کہ یمن کی مسلح افواج نے صنعاء میں امن و امان خراب کرنے کی کوششوں کو ناکام بنا دیا، تاہم مزید تفصیلات ابھی تک سامنے نہیں آئیں۔ عبدالله النعمی نے زور دیا کہ سعودی عرب، یمن کے امن کو خراب کرنے کے لئے کچھ بھی کرسکتا ہے۔ قبل ازیں انصار الله پر ایرانی سرپرستی کے الزام پر ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان "اسماعیل بقائی" نے کہا کہ انصار الله ایک خودمختار تحریک ہے جو اپنے فیصلے کرنے میں آزاد ہے۔ نہ تو وہ کسی سے ڈکٹیشن لیتی ہے اور نہ وہ کسی کی پراکسی ہے۔