بحرعرب میں ہندوستانی بحریہ نے دکھائی طاقت، 20 ماہی گیروں والی کشتی کو سمندری لٹیروں کے قبضہ سے چھڑایا
14
M.U.H
03/11/2026
ہندوستانی بحریہ نے آج بحیرۂ عرب میں ایک بڑا ریسکیو آپریشن مکمل کیا ہے۔ ممبئی سے 3 ہزار کلومیٹر سے زیادہ دور سمندری لٹیروں کے قبضہ میں پھنسی مچھلی پکڑنے والی کشتی ’ازینی‘ کے تمام 20 عملہ کے اراکین کو ہندوستانی بحریہ نے بحفاظت بچا لیا ہے۔ اس مہم کو مکمل کرنے میں بحریہ کو 48 گھنٹے لگے۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے اس کی اطلاع دی ہے۔ انہوں نے بحریہ کو اس کامیاب آپریشن کے لیے مبارک باد دی ہے۔ وزیر دفاع نے ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں بتایا کہ اس آپریشن میں ہندوستانی فضائیہ کی مدد سے بھاری ہتھیاروں سے لیس سمندری لٹیروں کے چنگل سے جہاز اور اس کے عملہ کو آزاد کرایا گیا۔ وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ ہمارے جوانوں نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ ہندوستان سمندر میں پھنسے لوگوں کی جان بچانے اور ان کی حفاظت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ راجناتھ سنگھ نے پورے بحر ہند میں سلامتی اور امن برقرار رکھنے کے ہندوستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا ہے۔
واضح رہے کہ صومالیہ کے سمندری لٹیروں نے صومالیہ کے شمال مشرقی ساحل کے قریب ’ازینی‘ نامی جہاز کو اغوا کر لیا تھا۔ اس جہاز کو جمعرات کے روز صومالیہ کے شمال مشرقی علاقے میں بندر بائیلا اور ہافون کے ساحلی شہروں کے درمیان اپنے قبضہ میں لیا گیا تھا۔ ہندوستانی بحریہ نے 48 گھنٹے تک ریسکیو آپریشن چلا کر عملہ کے 20 اراکین کو بحفاظت بچا لیا۔ حکام کے مطابق 12 سمندری لٹیروں نے جہاز پر قبضہ کیا تھا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق اغوا کے وقت اس جہاز پر ایرانی عملہ کے اراکین موجود تھے۔ ’ازینی‘ کا اغوا ایسے وقت میں ہوا ہے، جب خلیج عدن اور مغربی بحر ہند میں صومالی سمندری لٹیروں کے حملوں میں ایک بار پھر اضافہ ہونے لگا ہے۔ گزشتہ چند مہینوں کے دوران انہوں نے کئی تجارتی جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔
ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق اپریل سے اگست کے درمیان سمندری لٹیروں نے 6 تجارتی جہازوں کو اغوا کیا۔ ان میں سے کچھ جہازوں کو صومالیہ کے ساحل سے کافی دور اغوا کیا گیا تھا۔ ان میں ’سیبو 1‘ نامی ایک تیل کا ٹینکر بھی شامل تھا۔ اسے یمن کے شہر المکلا سے تقریباً 252 کلومیٹر مشرق میں اغوا کیا گیا تھا۔