عمان کے ساحل کے قریب ہندوستانی کارگو جہاز پر حملہ، ایک ملاح ہلاک، 13 کو کوسٹ گارڈ نے بچایا
14
M.U.H
03/11/2026
عمانی ساحل کے قریب ہندوستانی پرچم بردار ایک کارگو جہاز پر حملہ کیا گیا ہے۔ اس حملے میں ایک ہندوستانی ملاح کی موت ہو گئی، جبکہ جہاز پر سوار 13 دیگر افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر برائے جہاز رانی سربانند سونووال نے بتایا کہ جہاز پر 14 ہندوستانی ملاح سوار تھے اور پیر کے روز عمان کے ساحل کے قریب اسے نشانہ بنایا گیا۔ وزیر کے مطابق جہاز کی شناخت ایم ایس وی الجوسفی کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ جہاز عمان کے ساحل کے قریب سے گزر رہا تھا، اسی دوران اس پر کسی نامعلوم ایریل آبجیکٹ سے حملہ کیا گیا۔ حملے کے بعد جہاز پر سوار 13 افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ عمان کے کوسٹ گارڈ نے انہیں بچایا۔ حالانکہ ایک ملاح کو شدید چوٹیں آئی تھیں اور اس کی موت ہو گئی۔
متوفی ملاح کی شناخت گجرات کے رہنے والے گندھار ناہیم عزیز کے طور پر ہوئی ہے۔ مرکزی وزیر سونووال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کر کے ملاح کی موت پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کی۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ وزارت اور عمان میں ہندوستانی سفارت خانہ مقامی حکام کے رابطے میں ہیں۔ زندہ بچ جانے والے 13 ملاحوں کو فوری مدد فراہم کرنے کے ساتھ ہی تمام محفوظ بچ جانے والے عملے کے ارکان اور متوفی ملاح کی میت کو جلد از جلد ہندوستان لانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ امریکہ اور ایران کی جنگ اور حوثیوں کے سعودی عرب پر حملوں کے باوجود ہندوستانی پرچم بردار جہازوں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات اب تک کم پیش آئے ہیں۔ حالانکہ خلیجی خطے کے آس پاس کے اہم سمندری راستوں پر جاری کشیدگی کا ہندوستانی ملاحوں پر گہرا اثر پڑا ہے۔ حکومت کی جانب سے گزشتہ ہفتہ جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق اس سال فروری میں امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملے شروع ہونے کے بعد سے کم از کم 22 ہندوستانی شہریوں کی موت ہو چکی ہے۔ ان میں سے 14 افراد سمندری جہازوں پر کام کرنے والے ملاح تھے۔