ایران نے امریکی کانگریس کے انتخابات میں اہم کردار ادا کیا: جرمنی
6
M.U.H
04/11/2026
تہران: جرمنی کے وزیر خارجہ نے امریکا کے وسط مدتی انتخابات کے نتائج واضح ہونے کے بعد کہا ہے کہ ایران کے معاملے سمیت خارجہ پالیسی، اس انتخابی مقابلے میں اہم کردار کی حامل رہی ہے۔
یوہان واڈے فول نے بدھ 5 نومبر کو جرمن پارلیمنٹ کے باہر اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی انتخابات کے نتائج، برلن اور واشنگٹن کے تعلقات میں تسلسل کے ساتھ ساتھ تبدیلی کی بھی عکاسی کرتے ہیں۔
انھوں نے امریکا کے انتخابی مباحثوں میں ایران سے متعلق مسائل سمیت خارجہ پالیسی کے کردار کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ ایران کے مسئلے سمیت خارجہ پالیسی نے کانگریس کے انتخابات میں اہم کردار ادا کیا۔
جرمن وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ہم امریکی حکومت اور کانگریس کے ساتھ قریبی تبادلۂ خیال جاری رکھیں گے اور "سیاسی مرکز" کو باقی رکھنے کے لیے کوشش، ہماری ذمہ داری ہے۔ انھوں نے کہا کہ اب امریکا کے ساتھ تعاون زیادہ وسیع اور شاید زیادہ پُرکشش ہوگا۔
واڈےفول کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹس اکثریت یورپ والوں کو پسند آئی ہے کیونکہ ڈونلڈ ٹرمپ کے دور صدارت اور سینیٹ اور ایوان نمائندگان پر ریپبلکنز کے کنٹرول کے دوران واشنگٹن اور یورپی یونین کے تعلقات کشیدگی کا شکار رہے ہیں۔
یورپی سیاست دانوں نے بدھ کے روز امریکا کے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکنز کی بھاری شکست کا خیرمقدم کیا اور اس نتیجے کو بحر اوقیانوس کے دونوں جانب تعلقات میں کشیدگی کم کرنے کا ایک موقع قرار دیا ہے۔