جنرل عبداللّہی: ایران کے خلاف جس مرکز سے بھی حملہ ہوگا وہ ہمارے براہ راست حملوں کا نشانہ بنے گا
4
M.U.H
11/11/2026
تہران: اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل عبداللّہی نے دشمن کوخبردار کیا ہے کہ اب تک ہم نے جو وار لگائے ہیں، وہ صرف ابتدائی تھے اور ہر جارحیت کا ماضی سے کہیں زیادہ مہلک جواب دیا جائے گا۔
انھوں نے ایران کے میزائل پروگرام کے بانی جنرل حسن تہرانی مقدم کی شہادت کی پندرھویں برسی پر، سپاہ کی ایرواسپیس فورس کے کمانڈر، جنرل سید مجید موسوی کے نام پیغام میں لکھا ہے کہ ایران کے میزائل پروگرام کے معمار شہید جنرل حسن تہرانی مقدم نے ملک کے دفاع کے بنیادی ستون محکم کئے اور ایرو اسپیس فورس کے بے شمار حیرت انگیز کارناموں نے ایران کی دفاعی توانائی کی عظمت ایک بار پھر دکھا دی۔
جنرل عبداللّہی نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ گزشتہ ڈیڑھ برس میں، جنگ کے حقیقی میدان میں، ایران کے عزم وارادے اور ٹیکنالوجی کے مقابلے میں، مغربی دنیا کے ان دفاعی وسائل کی ناکامی ثابت ہوگئی جن کے بارے میں بڑے بڑے دعوے کئے گئے تھے۔
انھوں نے لکھا ہے کہ، ایران کے میزائلوں اور ڈرون طیاروں کے مقابلے میں، امریکا اور صیہونی حکومت کےایئر ڈیفنس سسٹم ناکام اور مفلوج ہوکے رہ گئے۔
ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے اپنے اس پیغام میں، امریکا اور صیہونی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ ماضی میں ہم نے تم پر جو وار لگائے تھے، وہ ابتدائی تھے، اب اگر اندازوں کی غلطی کا شکار ہوکر کوئی جارحانہ حماقت کی تو ہمارے وار تمھارے تصور سے بھی کہیں زیادہ مہلک ہوں گے۔