مغربی بنگال ایس آئی آر معاملہ: سپریم کورٹ کی اہم ہدایات، اپیل ٹریبونلز کی تعداد بڑھانے اور نام شامل کرنے کی اپیلوں کو ترجیح دینے کا حکم
54
M.U.H
23/11/2026
سپریم کورٹ نے مغربی بنگال ایس آئی آر معاملہ پر سماعت کرتے ہوئے اپیلوں کو تیز اور شفاف انداز میں نمٹارنے کے لیے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ اپیل ٹریبونل کی تعداد بڑھائی جائے تاکہ معاملوں کا نمٹارا جلد ہو سکے۔ عدالت نے نام جوڑنے (انکلوزن) اور نام ہٹانے (ایکسکلوزن) سے متعلق اپیلوں کو الگ الگ زمرے میں تقسیم کرنے کے لیے کہا ہے، اور اس کے ساتھ ہی نام جوڑنے کے معاملوں کو ترجیح دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔
عدالت عظمیٰ نے لوگوں کی سہولت اور معاملوں کے فوراً حل کے لیے کولکاتا کے کئی حصوں میں ٹریبونل قائم کرنے کو کہا ہے۔ سپریم کورٹ نے مقامی بلدیہ انتخابات کو توجہ میں رکھتے ہوئے 7 میونسپل کارپوریشن حلقوں کی زیر التوا اپیلوں کی شناخت کر انھیں ترجیحی بنیاد پر نمٹانے کی ہدایت بھی دی ہے۔ عدالت نے یہ بھی کہا ہے کہ جن لوگوں کو ووٹر لسٹ میں نام نہ ہونے کے سبب سرکاری فلاحی منصوبوں کا فائدہ نہیں دیا جا رہا ہے، وہ ہائی کورٹ جا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ عدالت نے یہ حکم تب صادر کیا ہے جب مجموعی طور پر 38 لاکھ اپیلوں میں سے 22 لاکھ اپیلیں ان ووٹرز کی ہیں، جنھیں ایس آئی آر کے دوران ووٹر لسٹ سے ہٹا دیا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے ہفتہ کے روز واضح کیا تھا کہ جن ووٹرز کے نام ایس آئی آر کے دوران ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں نہیں ہیں، وہ اپنا نام حتمی ووٹر لسٹ میں شامل کرانے کے لیے فارم 6 جمع کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے ان پر کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی، بھلے ہی وہ پہلے سے رجسٹرڈ رہے ہوں۔ یہ وضاحت ان ووٹرز کے خدشات کو دور کرنے کے لیے ہے جو پہلے سے رجسٹرڈ تھے، لیکن ایس آئی آر عمل کے بعد شائع ہوئی ڈرافٹ لسٹ میں ان کے نام نہیں ملے۔