۔10 یورپی ممالک نے فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری روکنے کا مطالبہ کردیا
255
m.u.h
28/05/2023
صیہونی رژیم سے 10 یورپی ممالک کے سفارتی وفد نے مغربی کنارے میں فلسطینوں کی زمینوں پر قبضے اور گھروں کی مسماری کو بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ صیہونی پرنٹ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، بیلجیئم، فرانس، اٹلی، سپین، سوئیڈن، برطانیہ، ڈنمارک، فن لینڈ اور آئر لینڈ کے قونصل خانوں کے علاوہ مغربی کنارے و غزہ میں یورپی یونین کے نمائندہ دفتر نے اس مشترکہ بیان پر دستخط کئے ہیں۔ مذکورہ وفد نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کی سرزمین پر قبضے اور گھروں کی مسماری کے عمل کو بند کرے۔ اس کے علاوہ صیہونی رژیم مشرقی قدس سمیت مغربی کنارے میں انسانی حقوق کی تنظیموں کو بغیر کسی رکاوٹ کے رسائی دے۔
ان ممالک کے نمائندوں نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ 2015ء سے ہونے والے فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری اور نقصانات کا ازالہ کرے جو تقریباََ 1.29 ملین یورو بنتے ہیں۔ واضح رہے کہ مقبوضہ فلسطین میں صیہونی وزیراعظم "نتین یاہو" ایک ایسی انتہاء پسند کابینہ کی سربراہی کر رہے ہیں جو فلسطین کے خلاف سخت گیر موقف اپنائے ہوئے ہے۔ یہ شدت پسند حکومت فلسطینیوں کی سرزمین پر ناجائز صیہونی کالونیوں کی تعمیر اور فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری میں مصروف ہے۔