ہند-پاک کشیدگی کے درمیان ہندوستان نے 24 ایئرپورٹس کو 15 مئی تک کے لیے کیا بند، کئی پروازیں منسوخ
20
M.U.H
10/05/2025
وزارت برائے شہری ہوابازی نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر ملک کے 24 ایئرپورٹس پر ڈومیسٹک فلائٹس کی آمد و رفت سے متعلق پابندی کو اب 15 مئی کی صبح 5.29 بجے تک کے لیے بڑھا دی ہے۔ یہ فیصلہ حفاظتی نقطہ نظر سے لیا گیا ہے، اور ان ایئرپورٹس سے 15 مئی تک کوئی بھی پرواز نہیں بھری جائے گی۔ اس قدم سے حساس اور سرحدی علاقوں کے ہوائی اڈے متاثر ہوں گے، جن کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب کے امرتسر، لدھیانہ، پٹیالہ، بھٹنڈا، ہلواڑا، پٹھان کوٹ ایئرپورٹس بند رہیں گے۔ ساتھ ہی ہماچل پردیش کے بھونتر، شملہ، کانگڑا-گگل ایئرپورٹ کو بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں مرکز کے زیر انتظام خطے میں چنڈی گڑھ ایئرپورٹ، جموں و کشمیر اور لداخ کے سری نگر، جموں، لیہہ ایئرپورٹ، راجستھان کے کشن گڑھ، جیسلمیر، جودھ پور، بیکانیر ایئرپورٹ اور گجرات کے مندرا، جام نگر، ہیراسر، پوربندر، کیشود، کانڈلا، بھُج ایئرپورٹس بھی بند رہیں گے۔
اس درمیان ایئر انڈیا اور انڈیگو نے کئی ایئرپورٹس کے لیے اپنی پروازوں کو منسوخ کر دیا ہے۔ انڈیگو نے صارفین کو فلائٹ کی صورت حال جانچ کرنے، از سر نو بکنگ کرنے یا ریفنڈ کے لیے لنک شیئر کیا ہے۔ پاکستان اور پاکستان مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردوں کے کیمپس پر ہندوستان کے ذریعہ کیے گئے کامیاب حملہ کے بعد ہی دونوں ممالک کے درمیان رشتے کشیدہ ہو گئے ہیں۔ اسی درمیان نوٹس ٹو ایئرمین (نوٹام) جاری کیا گیا ہے۔ پاکستان نے گزشتہ شب جموں، پنجاب اور راجستھان کے علاقوں کو ہدف بنا کر ڈرون اور میزائل حملے کیے تھے۔
بہرحال، مسافروں کی حفاظت کے مدنظر فعال ایئرپورٹس پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ سبھی مسافروں کے لیے سیکنڈر لیڈر پوائنٹ چیک لازمی کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی وزیٹر انٹری پوری طرح سے معطل ہے۔ ایئر مارشلز کی تعیناتی بھی کی جا رہی ہے، اور ایئرلائنس نے مسافروں سے گزارش کی ہے کہ وہ کم از کم 3 گھنٹے قبل ہوائی اڈے پر پہنچیں۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل، یعنی جمعرات کو کئی شہری ہوابازی کمپنیوں نے اپنے مسافروں کے لیے سفری ہدایات جاری کی تھیں۔ جنگ کے حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ملک بھر کے 27 ہوائی اڈے بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ ساتھ ہی ایئر انڈیا نے مسافروں کو وقت سے 3 گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچنے کا مشورہ دیا تھا اور کہا تھا کہ روانگی سے 75 منٹ قبل چیک اِن بند کر دی جائے گی۔