مہاراشٹر کی تمام، جھارکھنڈ کی 38، چار ریاستوں کی 15 اسمبلی سیٹوں اور ایک لوک سبھا سیٹ پر ووٹنگ شروع
17
M.U.H
20/11/2024
مہاراشٹر میں اس وقت سیاسی ہلچل بہت بڑھی ہوئی ہے اور اس ہلچل کے دوران آج یعنی 20 نومبر کو ریاست کی سبھی 288 اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے جانے شروع ہو گئے ہیں۔ لوگوں میں انتخابات کو لے کر بہت جوش نظر آ رہا ہے۔ سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت نے اپنا ووٹ ڈالا۔
بہرحال، مہاراشٹر میں اسمبلی کی سبھی 288 سیٹوں کے ساتھ ساتھ جھارکھنڈ میں دوسرے مرحلہ کے تحت 81 میں سے 38 اسمبلی سیٹوں کے لیے بھی آج ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ جھارکھنڈ میں پہلے مرحلہ میں 43 سیٹوں کے لیے 13 نومبر کو ووٹ ڈالے جا چکے ہیں۔ اب مہاراشٹر اور جھارکھنڈ میں 20 نومبر کو ووٹنگ کے بعد سبھی کو 23 نومبر کا انتظار ہوگا جب ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔ جہاں جہاں ووٹنگ ہو رہی ہے وہاں وہاں سیکورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
مہاراشٹر میں جہاں برسراقتدار مہایوتی کی کوشش اقتدار میں برقرار رہنے کی ہے، وہیں اپوزیشن اتحاد مہاوکاس اگھاڑی (ایم وی اے) اقتدار میں واپسی کی امید کر رہی ہے۔ برسراقتدار مہایوتی میں شامل بی جے پی نے ان نتخابات میں 149 سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے ہیں ، جبکہ ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیوسینا نے 81 سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے ہیں۔ علاوہ ازیں اجیت پوار کی قیادت والی این سی پی نے 59 سیٹوں پر قسمت آزمائی کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری طرف ایم وی اے میں شامل کانگریس نے 101 سیٹوں پر، شیوسینا (یو بی ٹی) نے 95 سیٹوں پر اور این سی پی-ایس پی نے 86 سیٹوں پر انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دیگر پارٹیوں کی بات کریں تو بی ایس پی نے 237 اور مجلس اتحادالملسمین نے 17 امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔ ان کے علاوہ بھی کچھ علاقائی پارٹیاں کچھ سیٹوں پر قسمت آزمائی کر رہی ہیں۔
جھارکھنڈ میں دوسرے مرحلہ کی جن 38 اسمبلی سیٹوں پر آج ووٹنگ ہو رہی ہے، ان میں بیشتر سیٹیں سنتال ڈویژن اور کوئلانچل علاقوں سے تعلق رکھتی ہیں۔ دوسرے مرحلہ میں جرمنڈی، مہگاما، پوڑیاہاٹ سمیت 17 سیٹوں پر بی جے پی اور جے ای ایم کے درمیان سیدھی ٹکر دیکھنے کو ملے گی۔ اس مرحلہ میں موجودہ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین، اسپیکر ربیندر ناتھ مہتو، سابق وزیر اعلیٰ بابو لال مرانڈی، سابق نائب وزیر اعلیٰ سدیش مہتو، موجودہ وزیر عرفان انصاری، حفیظ الحسن، دیپکا پانڈے سنگھ، بے بی دیوی وغیرہ کا وقار داؤ پر ہے۔
مہاراشٹر اور جھارکھنڈ کے علاوہ 4 ریاستوں کی 15 اسمبلی سیٹوں اور مہاراشٹر کی ناندیڑ لوک سبھا سیٹ پر بھی بدھ کے روز ضمنی انتخاب کے تحت ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ان 15 میں سے 13 سیٹیں اس لیے خالی ہوئیں کیونکہ اراکین اسمبلی اب اراکین پارلیمنٹ بن چکے ہیں۔ ایک رکن اسمبلی کا انتقال ہونے اور ایک کے جیل جانے کی وجہ سے سیٹیں خالی ہوئی ہیں۔ ان میں اتر پردیش کی سب سے زیادہ 9 اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ ہورہی ہیں ۔ جن 15 اسمبلی سیٹوں کے لیےآج ووٹ ڈالے جائیں گے ان میں بی جے پی، کانگریس و سماجوادی پارٹی کے پاس 4-4 اور عآپ، آر ایل ڈی و نشاد پارٹی کے پاس ایک ایک سیٹ تھیں۔ مہاراشٹر کی ناندیڑ لوک سبھا سیٹ کی بات کریں تو یہاں سے کانگریس رکن پارلیمنٹ وسنت راؤ چوہان کا انتقال ہو گیا تھا۔ لوک سبھا انتخاب کے صرف دو ماہ بعد ہی اگست 2024 میں ان کا انتقال ہوا۔ کانگریس نے ان کے بیٹے رویندر چوہان کو امیدوار بنایا ہے، جبکہ بی جے پی نے ڈاکٹر سنتوک ہمبارڈے کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔