راہل گاندھی کانگریس وفد کے ساتھ کریں گے تشدد زدہ سنبھل کا دورہ
22
M.U.H
03/12/2024
راہل گاندھی بدھ کے روز سنبھل کا دورہ کریں گے، جہاں وہ اتر پردیش سے کانگریس کے تمام اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ موجود ہوں گے۔ کانگریس کے ریاستی صدر اجے رائے نے یہ اطلاع دی اور کہا کہ اس وفد کی قیادت راہل گاندھی کریں گے۔ اس وفد میں پارٹی کے جنرل سیکریٹری اور ریاستی انچارج اویناش پانڈے بھی شامل ہوں گے۔ اجے رائے نے مزید کہا کہ راہل گاندھی کے ساتھ پرینکا گاندھی کے بھی شامل ہونے کا امکان ہے۔
سنبھل میں موجودہ صورتحال کشیدہ ہے، جہاں 19 نومبر کو ایک مقامی عدالت کے حکم پر مغلیہ دور کی جامع مسجد کا سروے کیا گیا۔ درخواست میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ مسجد کبھی ہرِی ہر مندر تھی۔ 24 نومبر کو دوسرے سروے کے دوران پرتشدد واقعات پیش آئے، جس میں 4 افراد جان بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔
ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے ضلع مجسٹریٹ راجندر پنسیا نے 10 دسمبر تک باہر کے افراد کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ پابندی 31 دسمبر تک بڑھائی جا سکتی ہے۔ اس دوران کسی بھی سماجی تنظیم یا عوامی نمائندے کو ضلعی حدود میں داخلے کے لیے خصوصی اجازت لینا ضروری ہوگا۔
کانگریس اور سماجوادی پارٹی کے رہنماؤں کو سنبھل جانے سے روک دیا گیا تھا۔ راہل گاندھی کے سنبھل دورے کے سلسلہ پر 'آج تک' سے بات کرتے ہوئے مراد آباد کے کمشنر انجنے کمار سنگھ نے کہا کہ انہیں سنبھل میں آنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی کیونکہ ضلعی مجسٹریٹ کی جانب سے عائد کردہ پابندیاں ابھی بھی نافذ ہیں۔ ڈی ایم کے احکامات کے مطابق یہ پابندیاں راہل گاندھی پر بھی لاگو ہوں گی۔
کمشنر نے کہا، ’’ہم کسی کو روکنا نہیں چاہتے لیکن ہم سنبھل کی صورتحال کو مزید خراب نہیں ہونے دے سکتے۔ راہل گاندھی کو روکنے کے لیے قانون کے مطابق تمام اقدامات کیے جائیں گے۔ ہم ان سے درخواست کر رہے ہیں کہ وہ سنبھل نہ جائیں۔‘‘