اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرے:خلیج فارس تعاون کونسل
50
M.U.H
02/12/2024
خلیج فارس تعاون کونسل نے کویت میں منعقد ہونے والے اپنے 45ویں اجلاس میں غزہ کی پٹی میں غاصب صیہونی رژیم کے ہاتھوں گذشتہ ایک سال سے جاری مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی کے فی الفور خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس بارے خلیج فارس تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم البدیوی نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ یہ مسئلہ اس اجلاس کے اختتامیہ بیان میں اٹھایا گیا ہے۔ البدیوی کا کہنا تھا کہ اس اجلاس کے اختتامیہ بیان میں خلیج فارس تعاون کونسل کے رہنماؤں نے غزہ میں جاری بڑے پیمانے پر قتل و غارت اور اجتماعی سزا سمیت عام شہریوں کی جبری نقل مکانی کے فی الفور خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے غزہ میں صحت کی ابتر سہولیات و اسکولوں سمیت تمام شہری سہولیات و بنیادی ڈھانچے کی تباہی کی بھی شدید مذمت کی اور اسے بین الاقوامی قوانین اور انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
خلیج فارس تعاون کونسل کے رہنماؤں نے غزہ میں جنگ بندی اور دیرپا و جامع امن کے حصول سمیت عرب امن اقدام کے مطابق دو ریاستی حل پر عملدرآمد کے لئے بین الاقوامی اقدامات کی تقویت خاطر 11 نومبر 2024 کے روز سعودی عرب کی میزبانی میں منعقد ہونے والے غیر معمولی عرب-اسلامی اجلاس کی قراردادوں کا بھی خیر مقدم کیا اور غزہ میں جنگ بندی کے حصول کے لئے قطر کی کوششوں کو سراہا۔