پولیس نے راہل اور پرینکا گاندھی کو سنبھل جانے سے روکا، واپس دہلی روانہ
16
M.U.H
04/12/2024
لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا بدھ کو سنبھل جانے کے لیے روانہ ہوئے تھے لیکن انہیں یو پی بارڈر پر پولیس نے روک لیا اور ان کا قافلہ آگے نہیں بڑھ سکا۔ اب تمام کانگریسی رہنما اور کارکن دہلی کی طرف واپس روانہ ہو رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، راہل اور پرینکا سمیت تمام کانگریسی ارکان پارلیمنٹ اب پارلیمنٹ جائیں گے۔
راہل اور پرینکا کے ساتھ کانگریس کے رہنما کے سی وینوگوپال، کے ایل شرما، اجول رمن سنگھ، تنوج پونیا اور عمران مسعود بھی سنبھل جا رہے تھے۔ ان کا ارادہ گزشتہ دنوں ہونے والی تشدد کی وارداتوں میں مارے گئے افراد سے ملاقات کرنے کا تھا۔ تاہم، مقامی انتظامیہ نے سنبھل میں 10 دسمبر تک رہنماؤں اور سماجی کارکنوں کے داخلے پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔ کانگریسی رہنماؤں کے روانہ ہونے سے پہلے دہلی کے غازی پور بارڈر پر بڑی تعداد میں پولیس تعینات تھی اور بیریکیڈنگ کی گئی تھی۔