طیارہ بردار امریکی بحری بیڑے کو ساتویں بار نشانہ بنایا ہے: یمن
21
M.U.H
18/01/2025
یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحیی السریع نے اہم مزاحمتی آپریشن کا اعلان کیا ہے جس کے دوران جنوبی مقبوضہ فلسطین کے علاقے ام الرشاش (ایلات) میں واقع غاصب صیہونی رژیم کے ایک اہم ہدف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا ہے۔ جنرل یحیی السریع نے اعلان کیا کہ اس مزاحمتی آپریشن کے دوران 4 کروز میزائل داغے گئے جنہوں نے اپنے اہداف کو انتہائی کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا ہے۔ یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے یہ اعلان بھی کیا کہ ملکی ڈرون یونٹ نے بھی 2 مزاحمتی آپریشن انجام دیئے ہیں جن میں پہلی کارروائی کے دوران پہباد نامی فلسطینی علاقے میں واقع غاصب اسرائیلی رژیم کے اہم ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ دوسری مزاحمتی کارروائی میں عسقلان کے علاقے میں واقع غاصب اسرائیلی فوج کے ایک اہم ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ یہ دونوں مزاحمتی کارروائیاں کامیابی کے ساتھ انجام پائی ہیں۔
جنرل یحیی السریع نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ تینوں کارروائیاں، یمنی بحریہ کی جانب سے انجام دی گئی ایک اور مزاحمتی کارروائی کے ہمراہ تھیں، جس کے دوران شمالی بحیرہ احمر میں واقع طیارہ بردار امریکی بحری بیڑے "ٹرومین" کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا ہے۔ جنرل یحیی السریع نے کہا کہ اس بحری جہاز کو نشانہ بنانے کا عمل کئی ایک ڈرون طیاروں کے ساتھ انجام پایا جبکہ یہ ساتویں بار ہے کہ جب ہم نے بحیرہ احمر میں واقع اس امریکی بحری جہاز کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم امریکہ و غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ کسی بھی قسم کی کشیدگی کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں اور ساتھ ہی ساتھ غزہ کی صورتحال پر بھی گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر دشمن نے (غزہ) جنگ بندی معاہدے کی مزید خلاف ورزی کی یا غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف کارروائیاں انجام دیں تو ہم بھی مناسب تنبیہی اقدامات اٹھائیں گے!