کانگریس قیادت کے ساتھ ملاقات کے بعد تیجسوی یادو کا بیان- ’اس بار بہار میں انڈیا اتحاد کی حکومت بنے گی‘
36
M.U.H
15/04/2025
نئی دہلی: راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے لیڈر اور بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے منگل کو کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور سابق صدر راہل گاندھی سے ملاقات کے بعد کہا کہ ریاست میں ’مہاگٹھ بندھن‘ یعنی انڈیا اتحاد کے اتحادی جماعتیں باہمی گفتگو کے بعد وزیر اعلیٰ کے چہرے پر فیصلہ کریں گی۔
انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ بہار کے موجودہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ’ہائی جیک‘ کر لیا ہے اور اس بار ریاست میں انڈین نیشنل ڈیولپمنٹ انکلوسیو الائنس (انڈیا) کی حکومت بنے گی۔
قابل ذکر ہے کہ بہار میں انڈیا اتحاد کے سیاسی اتحاد کو مہاگٹھ بندھن کے طور پر جانا جاتا ہے۔ اب اس اتحاد کی اگلی میٹنگ 17 اپریل کو پٹنہ میں ہونے والی ہے۔ کھڑگے کی رہائش گاہ پر ہوئی اس ملاقات میں کانگریس کے تنظیمی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، بہار کانگریس انچارج کرشنا الاورُو، بہار پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر راجیش کمار اور آر جے ڈی کے سینئر لیڈر منوج جھا اور سنجے یادو بھی موجود تھے۔
ملاقات کے بعد کانگریس صدر کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر لکھا، ’’اس بار بہار میں بدلاؤ طے ہے۔ آج ہم نے تیجسوی یادو سے ملاقات کی اور مہاگٹھ بندھن کی مضبوطی پر بات چیت کی۔ ہم عوام کو ایک طاقتور، مثبت، انصاف پسند اور فلاحی متبادل دیں گے۔‘‘ انہوں نے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کو بی جے پی اور اس کے موقع پرست ’ٹھگ بندھن‘ سے نجات ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان، کسان، مزدور، خواتین اور سماج کے پسماندہ طبقے مہاگٹھ بندھن کی حکومت چاہتے ہیں۔ میٹنگ کے بعد تیجسوی یادو نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میٹنگ میں مثبت گفت و شنید ہوئی ہے اور اگلی میٹنگ 17 اپریل کو پٹنہ میں ہوگی۔
جب ان سے وزیر اعلیٰ کے چہرے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا، ’’پتہ نہیں آپ لوگ چہرے کو لے کر اتنے فکرمند کیوں رہتے ہیں؟ سب کچھ بات چیت سے سامنے آ جائے گا۔ پریشان ہونے کی کوئی بات نہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’جب طے ہوگا تو آپ سب کو بلا کر بتایا جائے گا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’نتیش جی کو ہائی جیک کر لیا گیا ہے۔ امت شاہ کہتے ہیں کہ نتیش جی کی قیادت میں الیکشن لڑا جائے گا لیکن یہ نہیں کہتے کہ وہی وزیر اعلیٰ بنیں گے۔‘‘
کانگریس کے بہار انچارج کرشنا الاورُو نے اسے شروعاتی میٹنگ قرار دیا اور کہا کہ 17 اپریل کو پٹنہ میں جو میٹنگ ہوگی، اس میں آج شروع ہوئے کام کو آگے بڑھایا جائے گا۔
جب راجیش کمار سے پوچھا گیا کہ کیا وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے تیجسوی کے نام پر اتفاق رائے ہو گیا ہے، تو انہوں نے کہا کہ تمام مسائل پر مہاگٹھ بندھن کے اتحادی مل کر بات چیت کریں گے۔ انہوں نے کہا، ’’آج کی میٹنگ بہت اچھی رہی۔ ہم یکجہتی کے ساتھ این ڈی اے حکومت کا مقابلہ کریں گے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ بہار میں اس سال اکتوبر اور نومبر کے درمیان اسمبلی انتخابات متوقع ہیں۔