رہبرمعظم آیت اللہ خامنہ ای کے ہندوستان میں نمائندے آقائی حکیم الہی نے مولانا کلب جواد نقوی سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات
112
M.U.H
18/04/2025
نمائندہ ولی فقیہ نے مجلس علمائے ہند کے دفتر اور حوزہ علمیہ حضرت غفران مآب ؒ کا دورہ بھی کیا
لکھنؤ ۱۸ اپریل: ولی امر مسلمین ،رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے ہندوستان میں نو منتخب نمائندے حجۃ الاسلام آقای عبدالمجید حکیم الہی نے آج مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جوادنقوی سے ان کی رہائش گاہ پر خیر سگالی ملاقات کی ۔اس کے بعد وہ جامع مسجد آصفی میں نماز جمعہ میںبھی شریک ہوئے اور نمازیوں کو خطاب بھی فرمایا۔انہوں نے کہاکہ مسلمان کااخلاق سب سے اچھاہوناچاہیے کیونکہ ہم اس رسولؐ کی امت ہیں جس کو قرآن مجید نے خُلق عظیم کے درجے پر فائز قراردیاہے ۔
نماز جمعہ کے بعد نمائندۂ ولی فقیہ آقائی حکیم الہی امام باڑہ غفران مآب تشریف لائے جہاں انہوں نے مدفون علما اور مجتہدین کی قبروں پر فاتحہ خوانی ۔اس دوران انہوں نے مجلس علمائے ہند کے دفتر کا دورہ بھی کیا۔ان کے ساتھ مولانا کلب جواد نقوی ،مولانا تقی حیدر نقوی،مولانا قمر حسنین اور مولانا عادل فراز نقوی بھی دفتر مجلس علمائے ہند میں موجود رہے۔کارکنان دفتر نے انہیں پھول پیش کئےاور سرزمین لکھنؤ پر انہیں خوش آمدید کہا ۔مجلس علمائے ہند کے بعد آقای حکیم الہی حوزہ علمیہ حضرت دلدار علی غفران مآبؒ تشریف لے گئے جہاں انہوں نے تعلیم وتربیت کی ضرورت اور انسانی زندگی میں اخلاق کی اہمیت کے موضوع پر طلبہ سے خطاب کیا۔اس دوران حوزہ علمیہ حضرت غفران مآبؒ کے سرپرست مولانا کلب جوادنقوی ،مدرسےکے پرنسپل مولانا سید رضاحیدر زیدی ،وائس پرنسپل مولانا نثار احمد زین پوری اور مدرسے کے اساتذہ موجود رہے ۔حوزہ علمیہ غفران مآبؒ پہونچتے ہی نمائندہ ولی فقیہ کا پرتپاک خیرمقدم کیاگیا۔مولانا کلب جوادنقوی اورمولانارضا حیدر نے تمام اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ انہیں پھول پیش کئے ۔