لکھنؤ:مولانا کلب جواد نقوی نے اردو سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کا فیصلہ تاریخی اور ثقافتی تناظر میں لائق تحسین ہے ۔انہوں نے کہا کہ اردو ہندوستان کی زبان ہے جو کسی ایک مذہب یا قوم سے متعلق نہیں ۔ اردو اسی زمین پر وجود میں آئی اور یہیں نشو و نما پائی اس لیے یہ زبان خالص ہندوستانی زبان ہے جسکی سب کو قدر کرنی چاہیے ۔
مولانا نے کہا کہ اردو نے ہمیشہ مذہبی،ثقافتی اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیا ہے کیونکہ اس کی پرورش میں تمام ہندوستانی مذاہب و مسالک کا حصہ رہا ہے اور آج بھی یہ زبان مشترک تہذیبی اقدار کی ترجمان ہے ۔ مولانا نے کہا کہ تمام ریاستوں میں میونسپل بورڈز پر اردو بھی ہونی چاہئے کیونکہ یہ ہندوستان کی زبان ہے اور سب سے مقبول زبان ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ عدالت عظمیٰ کا یہ فیصلہ تمام ریاستوں کے لئے نظیر ثابت ہو گا اور لسانی عصبیت پر روک لگے گی ۔