پاکستان کو اس کے گھر میں گھس کر تین بار نشانہ بنایا: پی ایم مودی
28
M.U.H
29/05/2025
کولکاتہ:وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ پاکستان کو اس کے گھر میں گھس کر تین بار نشانہ بنایا جا چکا ہے اور آپریشن سندور ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ وزیر اعظم نے خبردار کیا کہ ہندوستان دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے گا۔
مغربی بنگال کے علی پور دوار میں آپریشن سندور کے بعد اپنی پہلی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ملک کی مسلح افواج نے ان دہشت گردوں کے حوصلوں کو خاک میں ملا دیا جنہوں نے ہندوستانی عورتوں کی عزت پر حملہ کرنے کی جرات کی تھی۔ وزیر اعظم پہلگام دہشت گرد حملے کا حوالہ دے رہے تھے، جس میں 22 اپریل کو 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
مودی نے کہا، میں بنگال کی اس سرزمین سے 140 کروڑ ہندوستانیوں کی طرف سے اعلان کرتا ہوں کہ 'آپریشن سندور' ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا: پہلگام میں دہشت گردوں کی بربریت کے بعد مغربی بنگال میں بھی سخت غصہ دیکھا گیا۔ میں آپ کے غصے کو بخوبی سمجھتا ہوں۔ دہشت گردوں نے ہماری بہنوں کے سندور کو مٹانے کی کوشش کی۔ ہماری افواج نے انہیں سندور کی طاقت کا احساس دلایا۔
ہندوستان کی دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاپہلگام حملے کے بعد ہندوستان نے دنیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ اگر اب ہمارے ملک پر کوئی دہشت گرد حملہ ہوا، تو دشمن کو اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔
پاکستان کو سمجھ لینا چاہیے کہ ہم اس کے گھر میں گھس کر تین بار کارروائی کر چکے ہیں۔ اگرچہ وزیر اعظم نے ان حملوں کے نام نہیں لیے، لیکن ان کے بیان کو 2016 کی سرجیکل اسٹرائیک، 2019 کے بالاکوٹ فضائی حملے، اور حالیہ ‘آپریشن سندور’ کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہاہم نے سرحد پار دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا، جن کے بارے میں پاکستان نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔ ہم نے پاکستان میں گھس کر تین بار حملے کیے ہیں۔
پاکستانی فوج پر سخت تنقید کرتے ہوئے وزیر اعظم نے الزام لگایا کہ پاکستانی فوج نے دہشت گردی اور قتلِ عام کو اپنی سب سے بڑی مہارت بنا لیا ہے۔ انہوں نے کہا:دہشت گردی اور قتلِ عام پاکستانی فوج کی سب سے بڑی مہارت بن چکی ہے۔ جب بھی جنگ ہوئی، انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔