ہم نے جنگ بندی کے معاہدے کی تجاویز کا جواب دےدیا: حماس
43
M.U.H
24/07/2025
ابھی کچھ دیر قبل فلسطین کی مقاومتی تحریک "حماس" نے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے معاہدے کی تجاویز کا جواب دینے کی خبر دی۔ اس حوالے سے حماس نے ایک بیان جاری کیا۔ جس میں انہوں نے اعلان کیا کہ ہم نے ثالثین کو اپنی اور دیگر مقاومتی تحریکوں کی جانب سے جنگ بندی کا جواب ارسال کر دیا۔ المیادین کے مطابق، حماس نے اپنے بیان میں مجوزہ جنگ بندی کے لئے دئیے گئے جواب کی کوئی تفصیل جاری نہیں کی۔ قابل غور بات یہ ہے کہ فلسطین کی اس مقاومتی تحریک کی یہ سٹیٹمنٹ ایسے موقع پر سامنے آئی جب عالمی سطح پر حماس کے جواب کا انتظار کیا جا رہا تھا اور امریکی نمائندہ برائے امور مشرق وسطیٰ "سٹیون ویٹکوف" کی نگرانی میں مذکورہ معاہدے پر بات چیت کے لیے اجلاس جاری تھا۔
حماس کا کہنا ہے کہ اب جنگ بندی کا دارومدار اسرائیل پر ہے۔ اسی سلسلے میں صیہونی صدر "اسحاق ہرتزوگ" نے غزہ کا دورہ کیا اور اسرائیلی فوجیوں سے بات چیت میں جلد جنگ بندی کی امید ظاہر کی۔ دوسری جانب غزہ پر اسرائیلی فوج کی بمباری جاری ہے۔ جس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 70 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے۔ اس کے علاوہ غزہ میں غذائی قلت شدت اختیار کر گئی۔ جس سے ایک روز میں بھوک سے 4 بچوں سمیت 15 فلسطینی انتقال کر گئے۔ یاد رہے کہ اسرائیلی جنگ کے آغاز سے اب تک غذائی قلت سے 80 بچوں سمیت 110 سے زائد فلسطینیوں کی اموات واقع ہوئیں۔ اقوام متحدہ نے غزہ کی حالیہ صورت حال کو ہولناک انسانی بحران قرار دے دیا۔