غزہ میں اسرائیلی مظالم پر مودی حکومت کی خاموشی شرمناک ہے، ایسی اخلاقی بزدلی پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی: کانگریس
33
M.U.H
25/07/2025
کانگریس نے غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں اور فلسطینیوں پر ڈھائے جا رہے مظالم پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مودی حکومت کی خاموشی کو ’شرمناک‘ اور ’اخلاقی بزدلی کی انتہا‘ قرار دیا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور پارٹی کے مواصلاتی انچارج جے رام رمیش نے الزام لگایا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کو ناراض کرنے سے بچنے کے لیے جان بوجھ کر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔
جے رام رمیش نے جمعرات کو ’ایکس‘ (سابق ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں لکھا، ’’غزہ میں فلسطینی عوام پر اسرائیلی حکومت کے ذریعے مسلسل خوفناک مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ جن لوگوں کو بنیادی انسانی ضرورت یعنی خوراک حاصل کرنے کی کوشش میں دیکھا جاتا ہے، انہیں نہایت بے رحمی سے قتل کیا جا رہا ہے یا پھر دانستہ طور پر بھوکا رکھا جا رہا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ کوئی حادثاتی سانحہ نہیں بلکہ ایک منظم اور سوچا سمجھا نسل کشی کا منصوبہ ہے، جس کا مقصد پورے فلسطینی معاشرے کو ختم کرنا ہے۔‘‘
کانگریس رہنما نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’ایسے حالات میں جب دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑ دینے والی خبریں سامنے آ رہی ہیں، مودی حکومت کی خاموشی انتہائی تکلیف دہ اور شرمناک ہے۔ وزیراعظم اس لیے خاموش ہیں تاکہ ان کے قریبی دوست نیتن یاہو ناراض نہ ہو جائیں۔ ہندوستانی حکومت نے آج تک ایسی اخلاقی بزدلی کبھی نہیں دکھائی۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’یہ رویہ نہ صرف سیاسی طور پر قابل اعتراض ہے بلکہ انسانیت کے خلاف جرم پر آنکھ بند کرنا ہے، جو کہ ہندوستان کی دیرینہ خارجہ پالیسی اور اخلاقی اصولوں کے خلاف ہے۔‘‘
دوسری طرف غزہ کی صورت حال مزید خراب ہوتی جا رہی ہے۔ غزہ کے محکمہ صحت کے مطابق صرف جولائی کے مہینے میں غذائی قلت کی وجہ سے 48 فلسطینی جاں بحق ہوئے ہیں، جن میں بڑی تعداد بچوں کی ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ 2025 میں اب تک 59 فلسطینی غذائی قلت کا شکار ہو کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جب کہ 2024 میں یہ تعداد 50 تھی۔
وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 2023 تک غذائی قلت سے ہلاک ہونے والے 113 افراد میں 81 بچے شامل تھے، جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ انسانی بحران کس قدر گہرا ہو چکا ہے۔
بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی غزہ میں اسرائیلی اقدامات کو اجتماعی سزا قرار دیا ہے اور اقوام متحدہ سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔ اس درمیان کانگریس نے حکومت ہند سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنا مؤقف واضح کرے اور غزہ میں انسانیت سوز مظالم کی مذمت کرے۔
کانگریس نے یاد دلایا کہ ہندوستان ہمیشہ عالمی سطح پر مظلوموں کے ساتھ کھڑا رہا ہے لیکن موجودہ حکومت کا رویہ اس روایت سے انحراف ہے، جو ملکی شبیہ کو نقصان پہنچا رہا ہے۔