بہار میں ایس آئی آر: اب تک 99.86 فیصد ووٹرس نے جمع کیا فارم، 7.23 کروڑ ووٹرس نے دکھایا بھروسہ: الیکشن کمیشن
29
M.U.H
26/07/2025
بہار میں جاری ووٹر لسٹ کی نظر ثانی میں اب تک 99.86 فیصد ووٹرس کا احاطہ ہو چکا ہے۔ الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ بہار کے 7.23 کروڑ ووٹرس نے ایس آئی آر میں فعال طریقے سے حصہ لے کر اس کے تئیں اپنا بھروسہ ظاہر کیا ہے۔ 7.23 کروڑ ووٹرس کے فارم مل چکے ہیں اور ڈیجیٹائز ہو چکے ہیں۔ ان ووٹرس کے نام مسودہ ووٹر لسٹ میں شامل ہوں گے۔ باقی ووٹرس کے فارم بھی بی ایل او کی رپورٹ کے ساتھ ڈیجیٹائز ہونے کا عمل یکم اگست تک پورا ہو جائے گا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ فارم نہ بھرنے والوں، مہلوکین و مستقل طور پر باہر جا کر بسنے والوں کی فہرست بھی 12 سیاسی پارٹیوں کے ساتھ شیئر کی جا چکی ہیں۔ جن پارٹیوں کو یہ لسٹ دی گئی ہیں ان میں بی ایس پی، بی جے پی، سی پی آئی ایم، کانگریس، آر جے ڈی، جنتا دل یو، آر ایل ایس پی، آر ایل جے پی، ایل جے پی (رام ولاس)، این پی پی اور عآپ شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ 24 جون سے اب تک مقامی بی ایل او اور بی ایل اے نے تقریباً 22 لاکھ مردہ ووٹروں کے نام پائے ہیں۔ اسی طرح تقریباً 7 لاکھ ووٹرس کے ووٹ ایک سے زیادہ جگہ ملے ہیں اور تقریباً 35 لاکھ ووٹرس یا تو مستقل طور سے ہجرت کر چکے ہیں یا ان کا کوئی پتہ نہیں چل پا رہا ہے۔ تقریباً 1.2 لاکھ ووٹرس کے فارم ابھی واپس نہیں ملے ہیں۔
ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی کے درمیان بہار سے دہلی تک سیاسی گھمسان مچا ہوا ہے۔ انڈیا بلاک کی پارٹیاں اس معاملے میں الیکشن کمیشن کو ہدف تنقید بنا رہی ہیں۔ گزشتہ دنوں آر جے ڈی لیدڑ اور اسمبلی میں حزب اختلاف کے قائد نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کا منمانا رویہ اور مرکزی حکومت کے اشارے پر غیر شفاف طریقے سے ووٹر لسٹ میں دھاندلی کرنا جمہوریت کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ انھیں احساس نہیں ہے کہ عوام کا رد عمل کیا ہوگا!