لاریجانی: اسنیپ بیک فعال ہوا تو آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون معطل ہوجائے گا
18
M.U.H
27/09/2025
تہران: ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے کہا ہے کہ اسنیپ بیک فعال ہوا تو جوہری توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے ساتھ ایران کا تعاون معطل ہوجائے گا۔
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی نے پی بی ایس ٹی وی کے ساتھ بات چیت میں مغرب کے اس دعوے کے بارے میں کہ ایران ایٹمی اسلحے بنانا چاہتا ہے، کہا کہ جوہری توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی آئی اے ای اے اعلان کرچکی ہے کہ ایران ایٹمی اسلحہ بنانا نہیں چاہتا۔
انھوں نے اسی کے ساتھ کہا کہ ایران ایٹمی اسلحہ بنانے کی طرف ہرگز نہیں جائے گا۔
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم نے اسنیپ بیک کا مسئلہ حل کرنے کے لئے تجاویز پیش کی ہیں اور یورپ والوں نے بھی بعض نظریات پیش کئے ہیں۔
انھوں نے اسی کے ساتھ خبردار کیا کہ اگر انھوں نے اسنیپ بیک فعال کیا تو جوہری توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے ساتھ ہمارے روابط معطل ہوجائيں گے ۔ یہ ایرانی پارلیمنٹ کا فیصلہ ہے۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ اگر انھوں نے اپنے طرزعمل کی اصلاح کی تو ایجنسی کے ساتھ ہمارا تعاون جاری رہے گا۔