نیتن یاہو نے دوحہ میں اسرائیلی حملے پر قطر سے معافی مانگ لی
12
M.U.H
30/09/2025
اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے قطری دارالحکومت دوحہ پر اسرائیلی فضائی حملے پر قطر سے معافی مانگ لی۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز نے اسرائیلی میڈیا کے حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیتن یاہو نے قطری وزیراعظم محمد بن عبد الرحمان آل ثانی سے دوحہ میں اسرائیل کے فضائی حملے اور قطری سکیورٹی اہلکار کی ہلاکت پر معافی مانگی۔ اسرائیلی وزیراعظم امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کے لیے وائٹ ہاؤس پہنچے، جہاں سے انہوں قطری وزیراعظم کو فون کرکے حملے پر معافی مانگی۔
خیال رہے کہ اسرائیل نے 9 ستمبر کو قطری دارالحکومت دوحہ پر فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے مرکزی دفتر پر فضائی حملہ کیا تھا، جس میں حماس رہنماء خلیل الحیہ کے بیٹے سمیت حماس کے 5 افراد اور ایک قطری سکیورٹی اہکار شہید ہوئے تھے۔ حماس کے مطابق اسرائیلی حملے میں حماس کی مرکزی قیادت کو نشانہ بنایا گیا تھا، تاہم تمام حماس رہنماء محفوظ رہے، حملے کے وقت حماس کے رہنماء امریکا کی جانب سے پیش کیے گئے غزہ جنگ بندی منصوبے پر غور کر رہے تھے۔