ہندوستانی فضائیہ ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے: ایئر چیف مارشل
21
M.U.H
08/10/2025
نئی دہلی:ہندوستانی فضائیہ آج (بدھ) کو اپنا 93واں یومِ تاسیس منا رہی ہے۔ اس موقع پر فضائیہ کے بہادر فائٹر پائلٹس اور دیگر ایئر فورس افسران کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔ ان میں وہ ہیرو بھی شامل ہیں جنہوں نے ’’آپریشن سیندور‘‘ کے دوران پاکستان پر فتح حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ غازی آباد میں واقع ہنڈن ایئر بیس پر ہونے والے ایئر فورس ڈے کے پروگرام میں دشمن پر بجلی بن کر ٹوٹ پڑنے والے 97 فضائی جنگجوؤں کو اعزاز دیا جائے گا۔ اس سے قبل بدھ کی صبح تینوں افواج کے سربراہان اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔
فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے کہا کہ غیر یقینی عالمی حالات میں فضائی طاقت اب قومی سلامتی کا ایک نہایت اہم ذریعہ بن چکی ہے۔ 93ویں فضائیہ یومِ تاسیس کی شام قوم سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے کہا کہ آج کے غیر یقینی عالمی ماحول میں فضائی طاقت قومی سلامتی کا فیصلہ کن عنصر بن چکی ہے۔ ہندوستانی فضائیہ ہر چیلنج کا سامنا تیزی، درستگی اور عزم کے ساتھ کرنے کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے تمام فضائی جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ملک کی سرحدوں کی حفاظت، شہری آبادی کے تحفظ اور فوجی اڈوں کی سلامتی ہمارا سب سے بڑا فریضہ ہے۔ ہماری وابستگی اٹل ہے۔ قوم کی خدمت میں ناکام نہ ہونا ہمارا عہد ہے۔ ہندوستانی فضائیہ کے ہر آپریشن میں نظم و ضبط، تکنیکی مہارت اور اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ ہوتا ہے۔ ہمارے آپریشنز درستگی اور نظم و ضبط کی علامت ہیں، اور ہمارے فضائی جوان ملک کے آسمان کے سچے محافظ ہیں۔
ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے ’’آپریشن سیندور‘‘ کا خاص طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہم ہندوستانی مسلح افواج کے باہمی تعاون، اعلیٰ قیادت اور ملک میں تیار کردہ دیسی صلاحیتوں کی ایک شاندار مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور اس بات کا ثبوت ہے کہ جب ہماری افواج متحد ہوتی ہیں تو کوئی بھی چیلنج ناممکن نہیں رہتا۔ ہندوستانی فضائیہ نے ہمیشہ اپنے جنگی فرائض سے بڑھ کر ملک کے عوام کی خدمت کی ہے۔
ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے فضائیہ کے سابق فوجیوں کے تئیں گہری شکرگزاری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی میراث، بصیرت اور قیادت ہماری مستقل تحریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاہے سیلابی امدادی کام ہوں، قدرتی آفات ہوں یا غیر ملکی سرزمین سے ہندوستانی شہریوں کی واپسی، فضائیہ ہمیشہ سب سے پہلے پہنچی ہے۔ ‘آپریشن سیندور ’ اور ‘آپریشن برہما’ کے دوران ہمارے فضائی جوانوں نے جو خدمات انجام دیں وہ انسانی ہمدردی کی بہترین مثال ہیں۔ ہمارے بزرگ فضائیہ افسران نے جو وراثت اور رہنمائی ہمیں دی ہے وہ ہماری طاقت کا سرچشمہ ہے، اور ہم انہیں کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ مستقبل کی سمت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فضائیہ اپنی صلاحیتوں کو مسلسل نکھار رہی ہے اور جدت، ٹیکنالوجی اور خود انحصاری کو اپنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ہم اپنی جنگی صلاحیتوں کو مزید مضبوط کریں گے اور آنے والے وقت میں بھی قوم کے آسمان کی حفاظت پوری لگن اور وفاداری کے ساتھ کرتے رہیں گے۔
آخر میں ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے قوم کے عوام کو فضائیہ ڈے کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آسمان کے محافظ ہونے کا فخر ہمیں حاصل ہے، اور ہم اس ذمہ داری کو مکمل جذبے اور وفاداری کے ساتھ نبھاتے رہیں گے۔ جے ہند۔