دہشت گردی کے خطرے پر فوری کل جماعتی اجلاس بلایا جائے: کھڑگے
19
M.U.H
15/11/2025
نئی دہلی: کانگریس کے صدر ملیکارجن کھڑگے نے جموں و کشمیر کے نوگام تھانے میں ہونے والے دھماکے میں متعدد افراد کی ہلاکت پر گہرا دکھ ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردی کے بڑھتے خطرے پر غور کے لیے فوری طور پر کل جماعتی اجلاس بلانا ضروری ہے۔
کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر پوسٹ میں لکھا: “یہ خبر انتہائی افسوسناک ہے کہ جموں و کشمیر کے نوگام تھانے میں دھماکے کے نتیجے میں 9 افراد جان بحق اور 24 زخمی ہو گئے۔ میں ان خاندانوں سے دلی تعزیت کرتا ہوں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔” انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو فوری علاج فراہم کیا جائے اور متاثرین کو مناسب معاوضہ دیا جانا چاہیے۔
کھڑگے کا کہنا تھا: “یہ واقعہ دہلی میں لال قلعہ کے قریب ہونے والے بزدلانہ دہشت گرد حملے کے چند ہی دن بعد پیش آیا ہے۔ یہ مرکز کے لیے واضح تنبیہ ہے کہ وہ اپنے خفیہ نظام اور انسدادِ دہشت گردی کے ڈھانچے کو مضبوط کرے۔ حکومت اس حوالے سے جوابدہی سے نہیں بچ سکتی۔” کھڑگے نے زور دے کر کہا کہ کانگریس دہشت گردی کی لعنت کے خلاف قوم کے ساتھ یکجہتی سے کھڑی ہے۔
راجیہ سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف نے مزید کہا: “لال قلعہ کے نزدیک حالیہ دہشت گرد حملے کے تناظر میں، دہشت گردی کے بڑھتے خطرے پر تبادلۂ خیال کے لیے فوری کل جماعتی اجلاس کی ضرورت ہے، خاص طور پر اس صورتحال میں جب بیرونی طاقتیں اس کو مسلسل حمایت فراہم کر رہی ہیں۔” لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے بھی نوگام دھماکے میں ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے ‘ایکس’ پر لکھا: “نوگام پولیس تھانے میں دھماکے کے نتیجے میں متعدد سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت اور کئی کے زخمی ہونے کی خبر نہایت تکلیف دہ اور تشویش ناک ہے۔” انہوں نے مزید کہا: “اطلاعات کے مطابق یہ بھیانک واقعہ لال قلعہ حملے میں استعمال ہونے والے دھماکہ خیز مواد کی جانچ کے دوران پیش آیا۔ میں شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔”