متھرا: طلبہ سے نماز پڑھوانے کاالزام ، سرکاری اسکول کا پرنسپل معطل
22
M.U.H
02/02/2026
متھرا: متھرا ضلع کے نوہجیل علاقے کے ایک سرکاری پرائمری اسکول کے پرنسپل کو طلبہ سے نماز پڑھوانے کے الزام میں معطل کر دیا گیا ہے اور ان کے خلاف محکمانہ جانچ بھی شروع کر دی گئی ہے۔ ایک افسر نے پیر کو یہ جانکاری دی۔
متھرا کے بیسک شکشا ادھیکاری (بی ایس اے) رتن کیرتی نے بتایا کہ پرنسپل جان محمد کے خلاف 30 جنوری کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے نوہجیل بلاک صدر درگیش چوہان نے شکایت درج کرائی تھی۔ چوہان نے اپنی شکایت میں دعویٰ کیا تھا کہ طلبہ کے والدین نے ان سے رابطہ کر کے الزام لگایا کہ پرنسپل طلبہ کو نماز پڑھنے کے لیے کہتے ہیں اور اسکول میں قومی ترانہ نہیں گایا جاتا۔
کیرتی نے بتایا کہ شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے بیسک شکشا محکمہ نے پرنسپل کو معطل کر دیا ہے اور جانچ کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا، جانچ کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد اپنی رپورٹ پیش کرے۔ رپورٹ موصول ہونے کے بعد آئندہ کارروائی کی جائے گی۔