غزہ؛ پناہ گزین خیموں اور اسکول پر ڈرون حملے میں 2 فلسطینی شہید، متعدد زخمی
11
M.U.H
02/02/2026
شمالی غزہ میں واقع جبالیہ میں صیہونی حکومت کے جرائم کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور آج بھی پناہ گزینوں کے خیموں اور ایک اسکول پر صیہونی حکومت کے ڈرون حملے میں دو فلسطینی شہید ہوگئے جن میں ایک بچہ بھی شامل تھا۔اس حملے میں کئی دیگر فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی بھی خبر ہے ۔
اس سے پہلے طبی ذرائع نے اطلاع دی تھی کہ خان یونس کے مغرب میں المواسی کے علاقے میں پناہ گزینوں کے خیموں پر صیہونی جنگی جہازوں کی فائرنگ سے تین سالہ عیاد احمد الرابع نامی بچہ شہید ہو گیا تھا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ خان یونس کے یلو لائن کے مشرق میں صیہونی حکومت کی جنگی مشینیں شہریوں پر شدید فائرنگ کر رہی ہیں ۔اسی طرح صیہونی حکومت نے رفح شہر میں رہائشی عمارتوں اور تنصیبات پر بھی بمباری کی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اکتوبر میں جنگ بندی شروع ہونے کے بعد سے اب تک پانچ سو تیئس فلسطینی شہید اور چار سو تینتالیس افراد زخمی ہو چکے ہیں جب کہ سات سو پندرہ شہداء کی لاشیں ملی ہیں۔