ایران نے فلسطین کی حمایت میں صہیونیوں کو دردناک سبق سکھایا ہے:القسام بریگیڈ کے ترجمان
12
M.U.H
12/02/2026
القسام بریگیڈ کے ترجمان نے ایران کی خود مختاری پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایران کے خلاف کسی بھی جارحیت کو پوری ملت اسلامیہ کے خلاف جارحیت سمجھتے ہیں۔ تسنیم نیوز کے بین الاقوامی گروپ کے مطابق تحریک حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے گذشتہ رات انقلاب اسلامی ایران کی فتح کی 47 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک پیغام جاری کیا، جس میں امریکی صیہونی دشمن کو ایران کے خلاف کسی بھی طرح کی شرارت اور سازش سے خبردار کیا گیا کہ ہم ایران، رہبر انقلاب، ایرانی عوام اور ایرانی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ابو عبیدہ نے تاکید کی کہ ہم اسلامی جمہوریہ ایران اور اس کی برادر ایرانی قوم کے خلاف کسی بھی جارحیت کو ملت اسلامیہ کے خلاف جارحیت، ایک طاقتور اسلامی ملک کی خود مختاری کی مجرمانہ خلاف ورزی اور ناقابل قبول اور برے عمل سمجھتے ہیں، جس کا مقصد اس کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنا ہے اور ایرانی زمین پر طاقت کے ذریعے کسی اقدام کو مسلط کرنے کی کوشش کرنا ہے۔
القسام کے ترجمان نے مزید کہا کہ ہمیں ایرانی مسلح افواج اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے عزم اور استقامت پر بھروسہ ہے، جس نے جون 2025 میں آپریشن وعدہ الصادق 3 کے دوران صہیونی دشمن کو بہت سے دردناک سبق سکھائے، خدا کی مدد سے، ایرانی مسلح افواج اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اب بھی اپنے دفاع کا جائز حق استعمال کرتے ہوئے حملہ آوروں پر بھاری ضربیں لگاتے ہوئے کسی بھی طرح کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے قابل ہیں۔
حماس کے عسکری ترجمان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو آج جن خطرات کا سامنا ہے اور اسی طرح سابقہ حملے اور محاصرے دراصل عظیم ایرانی ملت اور ایران کی مزاحمتی رہبریت سے فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے اور اس کی دلیرانہ، براہ راست اور اعلانیہ حمایت کا انتقام لینے کی ایک مایوس کن کوشش ہے۔ ابو عبیدہ نے آخر میں کہا کہ خدا کے فضل اور ملت اسلامیہ کے آزاد لوگوں کی حمایت سے ہماری مزاحمت نے طوفان الاقصیٰ میں شاندار ثابت قدمی دکھائی، صیہونی دشمن کی کمر توڑ کر ان کا غرور چکنا چور کر دیا اور اس کے تمام اعلانیہ اہداف کو ناکام بنا دیا۔