پہلے سے زیادہ مضبوط ایران تمام اقوام کی آزادی کا نمونہ عمل ہے: حزب اللہ لبنان
12
M.U.H
11/02/2026
لبنانی مزاحمتی تحریک حزب اللہ نے انقلاب اسلامی ایران کی فتح کی 47ویں سالگرہ کے موقع پر ایک خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے انقلاب اسلامی ایران کو عصر حاضر کی تاریخ کا ایک روشن ترین موڑ قرار دیا کہ جو امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی قیادت میں قائم ہوا اور امام خامنہ ای کی رہنمائی و رہبری میں سالہا سال گزارنے کے بعد مزید مضبوط، زیادہ اثر انگیز اور زیادہ متاثر کن ہوا ہے۔ حزب اللہ لبنان نے تاکید کی کہ ایران کا اسلامی انقلاب آج اپنی 47ویں بہار کے آغاز میں اپنے تمام اصولوں و قوانین پر استقامت کے ساتھ گامزن ہے اور استکباری طاقتوں کے قبضے، انحصار و تسلط کے خلاف آزادی، استقلال اور مزاحمت کی راہ میں تمام مظلوم قوموں کے لئے نمونہ عمل ہے۔ ایران کے خلاف امریکہ و قابض صیہونی ریجیم کی دھمکیوں میں شدت کا ذکر کرتے ہوئے لبنانی مزاحمتی تحریک نے تاکید کی کہ یہ دباؤ اسلامی جمہوریہ کے اثر و رسوخ کی توسیع کے بارے عالمی و علاقائی استبدادی طاقتوں کے خوف اور گہری تشویش کی علامت ہے؛ ایک ایسا نمونہ کہ جس نے تمام قوموں کو تسلط و استحصال کی شوم سازشوں کے خلاف مزاحمت کی ترغیب دی ہے۔
حزب اللہ لبنان نے کہا کہ 11 فروری 1979 کے روز اسلامی انقلاب کی فتح کے بعد سے جاری مغرب و قابض صیہونی ریجیم کی کئی ایک دہائیوں پر محیط سازشوں اور سخت محاصرے کے باوجود، ایران کی مسلسل ترقی و خوشحالی اُن معاندانہ پالیسیوں کی مکمل ناکامی کی نشاندہی کرتی ہے کہ جنہوں نے دنیا بھر کے سامنے استعمار (استثمار) کا اصلی چہرہ اور تسلط پسند حکومتوں کی جابرانہ پالیسیوں کو آشکار کر کے رکھ دیا ہے۔ لبنانی مزاحمت نے تاکید کی کہ اسلامی جمہوریہ کے دشمنوں کی ایران کے خلاف دھمکیوں اور جنگ کی جانب توجہ، نہ صرف اس بات کا ثبوت ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہی عالمی جارحیت و استکبار کے مقابلے کی واحد حقیقی و خود مختار قوت ہے بلکہ اس حقیقت نے پرامن ایٹمی پروگرام اور میزائل دفاعی صلاحیت میں اس کے قانونی حق کے ساتھ ساتھ قبضے اور تسلط کے خلاف علاقائی مزاحمتی تحریکوں کی حمایت میں ایران کی طاقت و استحکام کے حوالے سے مظلوم اقوام کا اعتماد بھی دوگنا کر دیا ہے۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک ایسی طاقت کہ جو جائز حقوق پر مبنی نہ ہو، ظلم و تباہی کا باعث بنتی ہے؛ لیکن وہ طاقت کہ جو جائز حقوق کا دفاع کرتی ہو، تمام اقوام کے لئے استحکام، انصاف اور ترقی کا نمونہ بن جاتی ہے۔ لبنانی مزاحمت نے فلسطینی کاز کی حمایت میں اسلامی جمہوریہ ایران کے موثر کردار کو سراہتے ہوئے، فلسطین، لبنان اور شام میں غاصبانہ قبضے اور اسرائیلی جرائم کی مذمت سمیت غزہ کے عوام کے قتل عام کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا اعلان کیا اور تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، نہ صرف ثابت قدمی کے ساتھ لبنانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑا اور ان کی سرزمین پر مزاحمت و دفاع کے حق کی بھرپور حمایت کرتا ہے بلکہ وہ اپنی خودمختاری و استقلال کے نفاذ پر مبنی تمام اقوام کے مسلمہ حق کی بھی کھل کر حمایت کرتا ہے۔ اپنے بیان کے آخر میں حزب اللہ لبنان نے تاکید کی کہ ہم حزب اللہ اور لبنانی اسلامی مزاحمت میں، آزادی پر مبنی اسلامی جمہوریہ ایران کے نمونہ عمل کو فخر کے ساتھ سراہتے اور انقلاب کی فتح کی سالگرہ کے موقع پر رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلی حکام و بہادر قوم کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔