میزائل پروگرام ریڈلائن ہے، اس پر مذاکرات نہیں ہوں گے: علی شمخانی
3
M.U.H
13/02/2026
تہران:سپریم ڈیفنس کونسل میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے علی شمخانی نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ ایران کی میزائل طاقت ہماری ریڈ لائن ہے اور اس پر مذاکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
الجزیرہ ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے میزائل سسٹم ہماری ریڈ لائن میں شامل ہیں اور ان پر بات چیت نہیں کی جا سکتی۔
سپریم ڈیفنس کونسل میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے نے واضح کیا کہ تہران کسی بھی مہم جوئی کا ٹھوس، مناسب اور فیصلہ کن جواب دے گا۔
علی شمخانی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ " صیہونی حکومت واشنگٹن کی براہ راست حمایت کے بغیر کوئی اقدام نہیں کر سکتی اور ہم ایران کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کا ٹھوس، فیصلہ کن اور مناسب جواب دیں گے۔"
سپریم ڈیفنس کونسل میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی تیاری کی سطح انتہائی زیادہ ہے اور حساب کتاب کی غلطی کرنے والے کو اپنے کیے بھاری قیمت چکانا پڑے گے۔
شمخانی نے کہا کہ" عقل اور منقطق کا تقاضہ ہے کہ کسی بھی ایسی حرکت سے گریز کیا جائے جس کے خطے کے استحکام اور سلامتی پر منفی اثرات پڑنے کا اندیشہ ہو۔"
انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ "اگر مذاکرات حقیقت پسندانہ اور ضرورت سے زیادہ مطالبات کے بغیر ہوں تو وہ مثبت سمت میں آگے بڑھ سکتے ہیں اور سب کے مفادات پورے ہوسکتے ہیں"۔
شمخانی نے مزید کہا: "خطے میں سفارتی اقدامات کا مقصد سیاسی آپشن کو مضبوط کرنا اور تناؤ کو کم کرنا ہے۔"
انہوں نے زور دے کر کہا کہ "خطے میں سیکورٹی کی صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے اور ہم آہنگی کے لیے خصوصی میکانزم کی ضرورت ہے۔"