وندے ماترم کو لازمی قرار دینے کا نوٹیفیکیشن واپس لیا جائے: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ
23
M.U.H
13/02/2026
نئی دہلی: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے مرکزی حکومت کے اس نوٹیفیکیشن پر سخت اعتراض ظاہر کیا ہے جس کے تحت سرکاری تقریبات اور اسکولوں میں قومی گیت جن گن من سے پہلے وندے ماترم کے تمام اشعار پڑھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ بورڈ نے اس فیصلے کو غیر آئینی اور مذہبی آزادی کے منافی بتایا ہے۔
بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا محمد فضل الرحیم مجددی نے ایک پریس بیان میں کہا کہ حکومت کا یہ اقدام غیر دستوری ہے اور ملک کی سیکولر اقدار کے خلاف ہے۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ عدالت عظمیٰ کے سابقہ موقف سے بھی مطابقت نہیں رکھتا اور مسلمانوں کے عقیدے سے براہ راست ٹکراتا ہے۔ اس بنا پر یہ مسلمانوں کے لیے قابل قبول نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ رابندر ناتھ ٹیگور کے مشورے اور دستور ساز اسمبلی کی بحث کے بعد اس بات پر اتفاق ہوا تھا کہ وندے ماترم کے صرف دو بند ہی پڑھے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک سیکولر حکومت کسی ایک مذہبی تصور کو دوسرے مذہبی طبقات پر مسلط نہیں کر سکتی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گیت کے بعض اشعار میں دیوی دیوتاؤں کی پوجا کا ذکر ہے جو اسلامی عقیدے سے مطابقت نہیں رکھتا۔
مولانا مجددی نے مزید کہا کہ عدالتوں نے بھی اس کے دیگر اشعار کو سیکولر اقدار کے منافی قرار دیا ہے اور ان کے سرکاری طور پر پڑھے جانے پر اعتراض موجود رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مرکزی حکومت فوری طور پر یہ نوٹیفیکیشن واپس لے ورنہ بورڈ اسے عدالت میں چیلنج کرے گا