آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت نے مسلمانوں میں بیداری پیداکی :مولانا کلب جواد نقوی
7
M.U.H
06/03/2026
لکھنؤ ۶ مارچ:ایران اور امریکہ و اسرائیل کے درمیان جاری جنگ اور ایران پر مسلسل جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولاناکلب جوادنقوی نے کہاکہ دنیا ہمیشہ ظالموں کے ساتھ رہی ہے ،آج بھی مظلوموں کی حمایت میں بولنے والا کوئی نہیں ، لیکن یاد رہے جس کا کوئی مدد گار نہیں ہوتااس کا مددگار اللہ ہوتاہے ۔مولانانے کہاکہ امریکہ اور اسرائیل اسکولوں ،اسپتالوں ،فلاحی اور رفاہی عمارتوں ،خاص طورپر رہائشی علاقوں پر بم باری کررہے ہیں ۔دہشت گردانہ حملے میں ایران کے شہر مناب کے اسکول کو نشانہ بنایاگیاجس میں ڈیڑ ھ سو سے زائد چھوٹی چھوٹی معصوم بچیاں شہید ہوگئیں مگر افسو س حقوق نسوں کے نعرے لگانے والے خاموش رہے ۔ہماری حکومت نے بھی اس واقعے کی مذمت نہیں کی جس سے ہمارا سر شرم سے جھک گیا۔تہران میں مہاتما گاندھی کے نام پر موجود اسپتال پر بمباری کی گئی ،کیا ہمارے ملک کو مذمت نہیں کرنی چاہیے تھی ؟مولانانے مزید کہاکہ ہم برطانیہ کی غلامی سے تو آزاد ہوگئے تھے مگر اب امریکہ کی غلامی کررہے ہیں ۔کیا ہم اتنے کمزور ہوگئے ہیں کہ اب امریکہ کی اجازت سے روس یا کسی دوسرے ملک سے تیل خریدیں گے ؟ یہ غلامی نہیں تو اور کیاہے ۔حکومت نے عالمی سطح پر ہمارے ملک کی ساکھ کو برباد کیاہے اور ہمیں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔مولانانے عرب ملکوں میں موجود امریکی فوجی مراکز پر ایران کے حملوں کی تائید کرتے ہوئے کہاکہ عرب حکمرانوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ،یہ غلام ہیں اور ان کی زندگی عیاشیوں میں گزر رہی تھی ۔آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت نے ملت اسلامیہ کی غیرت کو بیدار کیاہے اور اب ہر ملک میں امریکہ اور اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہورہے ہیں ۔انہوں نے آگےکہاکہ نبوت اور امامت کے بعد سب سے بڑا مرتبہ شہادت ہے اس لئے ہم شہادت کو سعادت سمجھتے ہیں ۔ہر مومن کی تمنا ہوتی ہے کہ وہ اللہ کی راہ میں شہید ہو،آیت اللہ خامنہ ای نےاس شرف کو پالیاجس کی و ہ تمنا کرتے تھے ۔مولانانے کہاکہ ایران پر مسلسل سینتالیس سال سے پابندیاں عائد ہیں مگر ایران نے اپنے دفاع کو اتنا مضبوط کیاکہ آج دنیا حیران ہے ۔دنیا کی شیطانی طاقتوں نے جو دفاعی نظام ایران کےمیزائیلوں کو روکنے کے لئے بنائے وہ بھی ناکام ہوچکے ہیں ،یہ ایران کی کامیابی کی دلیل ہے ۔مولانانے کہاکہ ایران میں جتنے ہندوستان کے طلبا موجود ہیں جن میں میرا بیٹا اور بہنیں شامل ہیں ،وہ آنے پر تیار نہیں ہیں،غلط خبریں نشر کی جارہی ہیں کہ وہاں ہندوستانی مدد کے منتظر ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ ایران کےعوام دشمن کے حملوں سے خوف زدہ نہیں بلکہ اپنی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں ۔
مولانانے کہاکہ نتن یاہو عالمی مجرم ہے جس کے لئے عالمی عدالت سے وارنٹ جاری ہے مگر افسوس ہمارے ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی ایک قاتل اور مجرم سے ایوارڈ لینے گئے تھے ۔ایسا ظالم جس نے ستّر ہزار سے زائد معصوم لوگوں کاقتل کیاہے ،اس سے ایوارڈ لینا فخر کی بات نہیں ہے ۔