گھریلو اور کمرشل سلنڈروں کی قیمتوں میں ایک ساتھ لگی ’آگ‘، ایل پی جی سلنڈر 115 تک ہوا مہنگا
19
M.U.H
07/03/2026
ایران اور اسرائیل کے درمیان گزشتہ ایک ہفتے سے جاری جنگ کے اثرات نظرآنے لگے ہیں۔ اس دوران دیگر اشیا کے ساتھ ہی رسوئی گیس کی قیمتوں میں بھی ’آگ‘ لگی ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق ایل پی جی سلنڈر کے نرخ آج سے 115 روپے بڑھ گئے ہیں۔ اس بار گھریلو صارفین کو60 روپئے اور کمرشل سلنڈر کے صارفین کو115 روپئے کا جھٹکا لگا ہے۔ غور طلب ہے کہ ہولی سے عین قبل ایل پی جی سلنڈر کے صارفین کو مہنگائی کا جھٹکا لگا تھا۔ اس کا اثر صرف کمرشل ایل پی جی (مائع پٹرولیم گیس) سلنڈر کے صارفین پر پڑا، جب کہ دہلی سے پٹنہ تک کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں تقریباً 50 روپے کا اضافہ ہوا تھا۔
وہیں گجرات کے سورت کی بات کریں تویہاں آج (07 مارچ) سے 19 کلو والے سلنڈر کی قیمت 1846.50 روپئے ہو گئی ہے جبکہ گھریلو سلنڈر کی قیمت 924 روپئے ہے۔ اسی طرح حیدرآباد میں کمرشل سلنڈر کی قیمت بڑھ کر 2106.50 روپئے ہو گئی ہے جبکہ گھریلو سلنڈر کی قیمت 965 روپئے پہنچ گئی ہے۔ اترپردیش کے گورکھپورمیں 19 کلو کا نیلا سلنڈر 2312.5 روپے کا ہو گیا ہے اور گھریلو ایل پی جی سلنڈر آج سے 975 روپے میں دستیاب ہوگا۔ ہندوستان میں انڈین آئل کے ڈیٹا کی بنیاد پرایل پی جی (مائع پٹرولیم گیس) کی قیمتوں کی بات کریں تو آج دہلی میں 14.2 کلوگرام والا گھریلو سلنڈر 913 روپے میں مل رہا ہے۔ جبکہ ممبئی میں یہ 912.50 روپئے کا ہوگیا ہے۔ کولکاتہ میں 939 روپئے اور چنئی میں یہ 928.50 روپئے کا ہوگیا ہے۔ پٹنہ میں یہ 1011 روپئے میں ملے گا۔
انڈین آئل کے مطابق دہلی میں آج سے 19 کلو گرام کا ایل پی جی سلنڈر 1883 روپے میں ملے گا۔ یہ یکم مارچ کو 1768.50 روپئے کا ہوا تھا جب کہ یکم فروری کو یہ 1740.50 روپئے میں مل رہا تھا۔ کولکاتہ میں فروری میں 1844.50 روپئے کا تھا اور یکم مارچ کویہ 1875.50 روپئے کا ہوگیا اور اب آج سے 1990 روپئے کا ہوگیا ہے۔ ممبئی میں آج سے کمرشل سلنڈر 1835 روپے میں ملے گا۔ یکم مارچ کو 1692 روپئے سے بڑھ کر 1720 روپئے کا ہوگیا تھا۔ چنئی میں اب آج سے کمرشل سلنڈر 2043.50 روپے ہوگیا ہے۔ یکم مارچ کو 1929 روپئے کا ہواتھا جبکہ پہلے یہ 1899.50 روپئے کا تھا۔
گزشتہ سالوں کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ مارچ اکثر ایل پی جی صارفین کے لیے مہنگائی لے کر آیا ہے۔ خاص طور پر کمرشل سلنڈر اس ماہ ہر بار مہنگے ہوئے ہیں، جبکہ گھریلو سلنڈر کے نرخوں میں جب بھی تبدیلی ہوئی ہے، صارفین کو جھٹکا لگا ہے۔ کمرشل سلنڈر نے 105 سے 108 روپئے تک کی چھلانگ لگائی ہے۔ دہلی میں یہ 2012 روپے، کولکتہ میں 2095 روپے، ممبئی میں 1963 روپے اور چنئی میں 2146 روپے پہنچ گیا ہے۔ اس کے بعد 22 مارچ کو گھریلو سلنڈروں کی قیمتوں پربجلی گری اور50 روپئے کے اضافے کے ساتھ دہلی میں 949.50 روپئے، کولکتہ میں 976 روپئے، ممبئی میں 949.50 روپئے اور چنئی میں 965.50 روپئے تک پہنچ گئیں۔