برطانیہ امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی میں شامل نہیں ہوگا: برطانوی میڈیا
43
M.U.H
13/04/2026
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ برطانیہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی میں شامل نہیں ہوگا۔ اپنے ایک بیان میں ترجمان برطانوی حکومت نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی اور ہرمز کھلنے کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں، کیونکہ یہ عالمی معیشت پر اور ملک میں مہنگائی کا دباؤ کم کرنے کے لیے بہت ضروری ہے۔ ترجمان برطانوی حکومت کے مطابق آبنائے ہرمز کے لیے کوئی ٹول عائد نہیں ہونا چاہیئے، برطانیہ فرانس اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ آزاد جہاز رانی کے تحفظ کے لیے وسیع اتحاد بنانے پر کام کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ اتوار کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ امریکی بحریہ فوری طور پر آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی شروع کرے گی اور ایران کو ٹول ادا کرنے والے جہازوں کو بھی روکا جائے گا۔ بعد ازاں امریکی سینٹرل کمانڈنے صدر ٹرمپ کے اعلان کے مطابق آج شام سے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی شروع کرنے کا علان کیا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق پا کستانی وقت کےمطابق آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی آج شام 7 بجے سے شروع ہوگی۔ ناکہ بندی کا عارضی نفاذ جہازوں کی ایرانی پورٹس میں آمدورفت پر ہوگا۔ سینٹ کام کا کہنا ہے کہ ناکہ بندی کا نفاذ خلیج عرب اور خلیج عمان میں ایرانی پورٹس سے آنے جانے والے جہازوں پر بھی ہوگا۔ دیگر ملکوں کے پورٹس سے جہازوں کی آمدورفت کی ناکہ بندی نہیں ہوگی۔