ٹرمپ نے جنگ بندی کا مطالبہ کرنے پر پاپائے روم کو جرائم پسند قرار دیدیا
42
M.U.H
13/04/2026
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی کا مطالبہ کرنے پر مسیحیوں کے پیشوا پوپ لیو کو جرائم پسند قرار دے دیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہمیں ایسا پوپ پسند نہیں، انہوں نے ہمیں نشانہ بنایا ہے، ہمیں ایسا پوپ پسند نہیں، جو یہ کہے کہ جوہری ہتھیار رکھنا ٹھیک ہے، ہم ایسا پوپ نہیں چاہتے جو یہ کہے کہ ہمارے شہروں میں جرائم قابلِ قبول ہیں۔ امریکی صدر نے کہا کہ پوپ لیو ایک نہایت لبرل سوچ رکھنے والے شخص ہیں، وہ ایسے شخص ہیں، جو یہ نہیں سمجھتے کہ ہمیں کسی ایسے ملک کے ساتھ تعلق نہیں رکھنا چاہیئے، جو جوہری ہتھیار حاصل کرنا چاہتا ہو، تاکہ دنیا کو تباہ کرسکے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ میں پوپ لیو کا مداح نہیں ہوں، میرے خیال میں پوپ لیو اچھا کام نہیں کر رہے، پوپ خارجہ پالیسی کے لیے انتہائی خراب ہیں۔ یاد رہے کہ پاپائے روم لیو چہار دہم نے امریکا سے جنگ بندی کا مطالبہ کیا تھا اور ٹرمپ کی دھمکیوں پر تنقید کی تھی، پاپائے روم نے اب لبنان پر بھی حملے روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔