ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی زندگی اور خدمات منصفانہ اور ترقی یافتہ معاشرے کی تعمیر کے لیے ہمیشہ تحریک دیتی رہیں گی: وزیراعظم
36
M.U.H
14/04/2026
نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کے روز ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی یومِ پیدائش کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی تعمیر کے لیے ان کی خدمات نہایت متاثر کن ہیں اور آنے والی نسلوں کو ایک ترقی پسند معاشرہ قائم کرنے کی ترغیب دیتی ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے لکھا کہ باباصاحب کو ان کی جینتی پر خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔ ان کی زندگی اور خدمات ایک منصفانہ اور ترقی یافتہ معاشرے کی تعمیر کے لیے ہمیشہ تحریک دیتی رہیں گی۔
صدر جمہوریہ کا پیغام
یومِ پیدائش کے موقع پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے بھی ملک کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ باباصاحب ہندوستانی آئین کے معمار اور عظیم سماجی مصلح تھے۔ وہ ایک ماہرِ قانون، ماہرِ معاشیات، مفکر اور مساوات پر مبنی سماجی نظام کے مضبوط حامی تھے۔ صدر مرمو نے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی سماج کے محروم اور کمزور طبقات کی فلاح کے لیے وقف کر دی اور ان کے حق میں تاریخی خدمات انجام دیں۔ انہوں نے نہ صرف عدم مساوات کے خاتمے کا راستہ دکھایا بلکہ ہندوستان کے جمہوری اقدار اور آئینی حقوق کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
خواتین کے حقوق پر زور
صدر جمہوریہ نے مزید کہا کہ باباصاحب نے خواتین کی تعلیم اور ان کے حقوق کو خصوصی اہمیت دی۔ ان کی ہمہ جہت خدمات آنے والی نسلوں کو ملک کی خدمت اور ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتی رہیں گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اس موقع پر باباصاحب کے نظریات کو اپنی زندگی میں اپنائیں اور ایک منصفانہ، ہمہ گیر اور ترقی یافتہ قوم کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالیں۔
باباصاحب کا تعارف اور خدمات
ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر، جنہیں محبت سے باباصاحب کہا جاتا ہے، ہندوستانی آئین کے معمار اور آزاد ہندوستان کے پہلے وزیرِ قانون تھے۔ وہ مدھیہ پردیش کے ایک غریب دلت خاندان میں پیدا ہوئے اور انہوں نے پسماندہ طبقات کے مساوی حقوق کے لیے بھرپور جدوجہد کی۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں 1990 میں ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز ’’بھارت رتن‘‘ سے نوازا گیا۔ وہ 6 دسمبر 1956 کو اس دنیا سے رخصت ہوئے، مگر ان کے نظریات آج بھی قوم کی رہنمائی کر رہے ہیں۔