ٹرمپ نے 1 گھنٹے میں 7 دعوے کیے، ساتوں جھوٹے: اسپیکر قالیباف
29
M.U.H
18/04/2026
تہران:اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکہ کے جنگ پسند صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ بولنے سے جنگ میں نہ جیت ملے گی اور نہ ہی مذاکرات کامیاب ہوں گے۔
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے سنیچر کی صبح سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا ہے کہ امریکہ کے صدر نے ایک گھنٹے میں سات دعوے کیے جو سب کے سب جھوٹے ہیں۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے تاکید کی کہ ان جھوٹے دعووں سے جنگ میں نہ جیت ملے گی اور یقیناً مذاکرات میں بھی کامیابی نہیں ملے گی۔
انہوں نے آبنائے ہرمز کی صورت حال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز میں آمدورفت ایران کی اجازت اور مقررہ راستے ہی سے ممکن ہوگی۔
ڈاکٹر قالیباف نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو کھولنا یا بند کرنا سوشل میڈیا پر ہونے والا کام نہیں بلکہ اس کا فیصلہ میدان عمل میں ہوتا ہے۔
پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اپنے ایکس پیغام میں مزید لکھا ہے کہ میڈیا پروپیگنڈا اور عوامی رائے کو متاثر کرنا جنگ کا اہم حصہ ہے تاہم ایرانی قوم ان حربوں سے متاثر ہونے والی نہیں ہے۔