دشمن جنگ بندی کی مدت بڑھانے پر مجبور، مزید حیران کرنے والے کارڈز باقی ہیں: سپاہ پاسداران انقلاب
53
M.U.H
22/04/2026
سپاہ پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ مسلح افواج میدان جنگ میں ایسے نئے اقدامات کرنے کے لیے تیار ہیں جو دشمن کے اندازوں اور سوچ سے بھی کہیں زیادہ موثر اور تباہ کن ہوں گے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے یوم تاسیس موقع پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ایرانی مسلح افواج میدان جنگ میں ایسے نئے اقدامات کرنے کے لیے تیار ہیں جو دشمن کے اندازوں اور سوچ سے بھی کہیں آگے ہوں گے۔
سپاہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 48 برسوں میں سپاہ نے ملک کے آغاز میں دہشت گرد گروہوں کے منصوبے ناکام بنائے، آٹھ سالہ جنگ میں عالمی طاقتوں اور صدام کی حکومت کے خلاف مضبوطی سے ڈٹی رہی، اور مختلف اندرونی و بیرونی فتنوں کا مقابلہ کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ اب بھی سپاہ پاسداران تیسرے دفاع مقدس میں امریکہ اور صہیونی حکومت کی مسلط کردہ جنگ کے مقابلے میں ایران کے لیے عزت اور سربلندی کا باعث بنی ہے۔ آج ایرانی قوم اپنی مسلح افواج خصوصا سپاہ پاسداران کی اس طاقت پر فخر کرتی ہے جس نے میزائل اور ڈرون حملوں کے ذریعے امریکہ اور صہیونی حکومت کو شدید دباؤ میں رکھا۔
بیان میں عوام کے کردار کو بھی بہت اہم قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ ایرانی عوام نے 50 دن سے زیادہ مسلسل سڑکوں اور میدانوں میں موجود رہ کر اپنی افواج کی حمایت کی اور تاریخ میں ایک منفرد مثال قائم کی۔ مختلف سیاسی اور سماجی تفکرات کے باوجود عوام کا افواج کے ساتھ کھڑا ہونا ایران کے لیے ایک بڑی قوت ہے، جو ملک کو حساس اور مشکل حالات سے نکالنے میں مدد دے سکتی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ دشمن سپاہ کے خلاف شدید پروپیگنڈا اور نفسیاتی جنگ اس لیے چلاتا ہے کیونکہ سپاہ نے تمام میدانوں میں ایسی کامیابیاں حاصل کی ہیں جنہوں نے استکباری محاذ کو مسلسل ناکامی سے دوچار کیا۔
سپاہ پاسداران نے رمضان جنگ اور وعدہ صادق 4 کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 100 مرحلوں پر مشتمل میزائل اور ڈرون حملوں نے دشمن کی فیصلہ سازی کی طاقت کو مفلوج کر دیا اور اسے ایسی حالت میں پہنچا دیا کہ وہ درست اندازہ نہ لگا سکا، جس کے نتیجے میں اسے ایران سے جنگ بندی کی درخواست کرنا پڑی۔
بیان میں زور دیا گیا کہ موجودہ حالات میں، جب جنگی میدان میں بظاہر خاموشی ہے، ایران کو دشمن کے رویے پر پوری نظر رکھنی چاہیے۔ اگر دشمن نے دوبارہ جارحیت کی تو ایران فوری اور سخت جواب دے گا، اور آئندہ جنگ کی صورت میں دشمن کو اس کی توقع سے کہیں زیادہ شدید ضربیں لگائی جائیں گی۔
سپاہ نے مزید کہا کہ دشمن کی کئی اہم فوجی تنصیبات اور بنیادی ڈھانچے کو پہلے ہی شدید نقصان ہوچکا ہے اور ایران کے لیے ابھی بھی میدان کھلا ہے کہ وہ دشمن کے اہم مراکز کو نشانہ بناسکے۔
بیان کے آخر میں سپاہ نے اپنے یوم تاسیس پر پاسداران اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دی، شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور عوام کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اعلان کیا کہ سپاہ اور بسیج آئندہ بھی دشمن کے خلاف مزید بڑے اقدامات اور غیر متوقع کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔