امریکا کے وزیر بحریہ جان سی فیلن اچانک اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے، تاہم ان کے مستعفی ہونے کی وجہ نہیں بتائی گئی۔ صدر ٹرمپ نے نومبر 2024ء میں جان سی فیلن کو وزیر نیوی نامزد کیا تھا، اُس وقت جان سی فیلن پر تنقید کی گئی تھی کہ انہیں بحریہ، فوج یا قومی سلامتی پالیسی اور ڈیفنس انڈسٹری سے متعلق تجربہ نہیں۔ فیلن فروری 2025ء میں سینیٹ کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے تھے اور مارچ 2025ء میں ان کی 30 کے مقابلے 62 ووٹوں سے اس عہدے پر توثیق کر دی گئی تھی، اب انڈر سیکرٹری ہنگ کاؤ وزیر بحریہ کی جگہ قائم مقام کا عہدہ سنبھالیں گے۔
ادھر خبر ایجنسی نے بتایا کہ امریکا کے وزیر بحریہ جان سی فیلن کو اچانک عہدے سے برطرف کیا گیا، ایران جنگ کے دوران امریکا کے آرمی چیف آف اسٹاف جنرل رینڈ جارج کو بھی برطرف کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ امریکی نیوی سیکرٹری نیوی کے انتظامی، مالی اور پالیسی معاملات دیکھتا ہے۔ اس سے پہلے ایران جنگ کے دوران امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے امریکا کے آرمی چیف آف اسٹاف جنرل رینڈ جارج کو فوری طور پر مستعفی ہونے پر مجبور کیا تھا۔