سپاہ پاسداران انقلاب: آبنائے ہرمز میں قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے دو جہاز ضبط
51
M.U.H
22/04/2026
تہران: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحری فورس نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں آمد و رفت کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے دو جہازوں کو ضبط کرلیا گیا ہے۔
سپاہ پاسداران نے اعلان کیا ہے کہ بدھ 22 اپریل کی صبح کو آبنائے ہرمز کے اسمارٹ کنٹرول سسٹم کے تحت، صیہونی حکومت سے متعلق MSC-FRANCESCA اور EPAMINODES نام کے جہازوں کو ضبط کرلیا گیا جو قانون کی متعدد خلاف ورزیوں کا ارتکاب کرکے، بحری نقل و حمل کو خطرے میں ڈال کر، بغیر اجازت لیے اور اپنے نیویگیشن سسٹموں میں تبدیلی لاکر آبنائے ہرمز سے گزرنا چاہتے تھے۔
سپاہ پاسداران انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ یہ دو جہاز چھپ کر آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن ایران کو حاصل خفیہ معلومات کی بنا پر ان دو جہازوں کو ضبط اور انہیں اسلامی جمہوریہ ایران کے بحری حدود میں منتقل کردیا گیا تا کہ ان کے کاغذات اور دستاویزات کا بغور جائزہ لیا جا سکے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحری فورس نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے طے شدہ قوانین نافذ ہیں اور قانون کے مطابق خلاف ورزی کرنے اور محفوظ نقل و حمل کی منافی سرگرمیوں میں ملوث رہنے والوں کے ساتھ سختی سے پیش آیا جائے گا۔